بدھ , 13 نومبر 2019

زونگ کا فائیو جی کا کامیاب تجربہ کرنے کا دعویٰ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چائنا موبائل پاکستان (سی ایم پی) یعنی زونگ نے ملک میں فائیو جی کے کامیاب تجربے کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔زونگ کی جانب سے فائیو جی کے تجربے کے بعد پاکستان جنوبی ایشیا میں وہ پہلا ملک بن گیا جس نے یہ تجربہ کیا ہے۔پاکستان سے قبل امریکا اور جنوبی کوریا سمیت دیگر ممالک کی ٹیلی کام کمپنیوں نے بھی فائیو جی کامیاب تجربے کیے ہیں، تاہم تاحال کہیں بھی اس نیٹ ورک کو عوام کے لیے متعارف نہیں کرایا گیا۔

دنیا بھر میں موجود اسمارٹ موبائل فونز بھی رواں برس کے آغاز تک فائیو جی سپورٹڈ نہیں تھیں، تاہم اب موبائل کمپنیاں ایسے فون تیار کر رہی ہیں جو اس ٹیکنالوجی کو سپورٹ کر رہی ہوں۔امکان ہے کہ اس ٹیکنالوجی کو دنیا بھر میں آئندہ سال کے آخر یا پھر 2021 تک چند ممالک میں متعارف کرایا جائے گا۔

پاکستان نے عوامی سطح پر فور جی ٹیکنالوجی کو بھی 5 سال قبل 2014 میں متعارف کرایا تھا اور اس ٹیکنالوجی کا لائسنس بھی سب سے پہلے زونگ نے خریدا تھا۔زونگ کو جہاں ملک میں فور جی کی سہولت فراہم کرنے کا اعزاز حاصل ہے،اب وہیں اس کمپنی نے فائیو جی کے کامیاب تجربے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

کمپنی نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں بتایا کہ ’زونگ نے پاکستان میں فائیو جی کا ابتدائی کامیاب تجربہ کرلیا‘زونگ کی جانب سے فائیو جی کے کامیاب تجربے کرنے کے بعد گلوکار و میڈیا پرسنالٹی فخر عالم نے بھی کمپنی کو مبارکباد دی۔

زونگ کی جانب سے فائیو جی کا کامیاب تجربہ کیے جانے کے بعد کمپنی کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) وانگ ہا نے ’پرو پاکستانی‘ سے بات کرتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ زونگ صارفین کو بہتر سے بہتر سروس فراہم کرنے کے لیے کام جاری رکھے ہوئے ہے۔کمپنی کے سی ای او نے کہا کہ فائیو جی کے ابتدائی کامیاب تجرنے کے بعد جلد ہی کمپنی محدود پیمانے پر اس کے استعمال کا تجرباتی مرحلہ شروع کرے گی۔

واضح رہے کہ زونگ کو پاکستان میں بہترین فور جی سروس فراہم کرنے والی ٹیلی کام کمپنی مانا جاتا ہے، جس کے ملک بھر میں فور جی کے 11 ہزار ٹاور ہیں۔کمپنی کے مطابق ملک بھر میں زونگ فور جی استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد ایک کروڑ 30 لاکھ سے زائد ہے۔

یہ بھی دیکھیں

شام کے ایئر ڈیفینس یونٹ نے فضائی حملہ ناکام بنا دیا

دمشق: شامی فوج کے ائیر ڈیفینس یونٹ نے دارالحکومت دمشق کے نواحی علاقے داریا کی …