جمعرات , 25 اپریل 2024

کشمیر میں کرفیو ختم ہونے پر ہی نریندر مودی کا اصل امتحان شروع ہوگا،وزیر داخلہ اعجاز شاہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی تنظیم فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات ہمارے اپنے مفاد میں ہیں۔ بھارت کوشش کر رہا ہے ایف اے ٹی ایف کو استعمال کرکے پاکستان کو بلیک لسٹ قرار دے سکے۔عرب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نواز شریف یا آصف زرداری سے کوئی ڈیل نہیں کر رہی، پلی بارگین نیب کے قوانین میں شامل ہے اور وہ ہی کسی بھی قسم کی ڈیل کر سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں کرفیو ختم ہونے پر ہی نریندر مودی کا اصل امتحان شروع ہوگا، جموں اور لداخ میں مسلم آبادی کم ہے وہاں لاک ڈاؤن اتنا سخت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جتنا وزیر اعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کے لیے کام کیا اتنا آج تک کسی رہنما نے نہیں کیا، اگرہم اپنا فیصلہ بدل لیتے تو ہم میں اور مودی میں کوئی فرق نہیں رہ جاتا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ کلبھوشن یادیو تک قونصلررسائی کا قدم عالمی عدالت انصاف کےفیصلےکےبعد اٹھایا گیا ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ نواز کے رہنما جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ خبریں آ رہی ہیں کہ ڈیل ہورہی ہے تاہم پارٹی قائد نواز شریف کا واضح مؤقف ہے کہ این آر او نہیں لیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم وزیراعظم عمران خان کے پاس نہیں جائیں گے اور یہ بات طے ہے۔جاوید ہاشمی نے کہا کہ این آر او دینے کی عمران خان کے پاس کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نواز کے ساتھ ظلم ہورہا ہے، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پر کب سے تحقیقات ہورہی ہیں مگر چارج نہیں لگا سکے۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …