جمعرات , 18 اپریل 2024

شاہ محمود قریشی کا ایرانی وزیر خارجہ سے رابطہ:کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیاہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خطے میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا کہ ہندوستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں گذشتہ چار ہفتوں سے مسلسل کرفیو نافذ کر رکھا ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق سنگین خلاف ورزیاں عروج پر ہیں ۔ بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا پردہ چاک کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صورتحال اس قدر تشویشناک ہے کہ خوراک اور ادویات تک میسر نہیں ہو رہیں۔ بھارت اپنے یکطرفہ اقدامات سے پورے خطے کے امن و امان کو تہس نہس کرنے پر تلا ہوا ہے ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ رات کی تاریکی میں بچوں اور نوجوانوں کو جبراً اغواء کر کے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ صورتحال ایک نئے انسانی المیے کی نشاندہی کر رہی ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے مسلمان بھارتی استبداد سے نجات کے لئے، اقوام عالم بالخصوص مسلم امہ کی طرف نظریں جمائے ہوئے ہیں۔ایرانی وزیر خارجہ نے صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گا۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …