جمعرات , 23 جنوری 2020

ملک بھر میں یومِ دفاع کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے منایا جارہا ہے

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ملک بھر میں یوم دفاع، یوم یکجہتی کشمیر کے طورپر منایا جارہا ہے جس کامقصد وطنِ عزیز کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے ساتھ ساتھ بھارت کے زیر تسلط کشمیر میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ پاکستانی عوام کی حمایت کا اعادہ کرنا ہے۔ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق یومِ دفاع کا آغاز نمازِ فجر کے بعد ملک کی ترقی اور خوشحالی اوربھارت کے ظالمانہ تسلط سے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں مانگ کر کیا گیا۔اس سلسلے میں وفاقی دارالحکومت میں دن کا آغاز 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں21 ،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔

علاوہ ازیں بانیان پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے مزارات پر گارڈ کی تبدیلی کی پروقار تقاریب منعقد ہوئی جس میں پاک فضائیہ نے مزارِ قائد جبکہ پاک فوج نے مزار اقبال پر گارڈ کے فرائض سنبھال لیے۔لاہور میں مزار اقبال پر منعقدہ تقریب میں میجر جنرل محمد عامر نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فوج کے چاک وچوبند دستے سے سلامی پیش کی۔

شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے دن کی مرکزی تقریب جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہوئی جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔اس خصوصی تقریب میں آرمی چیف نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔اس حوالے سے وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق آج 3 بجے سہ پہر ملک بھر میں تمام دفاتر بندکردیئے جائیں گے اورپاکستانی عوام کشمیریوں سے اظہارِیکجہتی کریں گے۔

صدر مملکت و وزیر اعظم کے پیغامات
یومِ دفاع کے حوالے سے صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے یوم دفاع اورشہداء کے موقع پر اپنے پیغامات میں کہا کہ قوم دشمن کی کسی بھی مہم جوئی سے پوری طرح آگاہ ہے اور ممکنہ طورپر ردعمل کے لیے تیار ہے۔

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ پاک فوج جدید ہتھیاروں اوراسلحے سے لیس ہونے سمیت حب الوطنی اورقربانی کے جذبے سے سرشار ہے اور کسی بھی اندرونی وبیرونی خطرے سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔صدر نے کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا بھی اعادہ کیا اور اس عزم کی تجدید کی کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔

ادھر وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہماری مسلح افواج ،قوم، سیاسی قیادت، پارلیمنٹ کے دونوں ایوان اور سوشل میڈیا مقبوضہ کشمیر کی حیثیت میں تبدیلی کے یک طرفہ اور غیرقانونی بھارتی فیصلے کے خلاف ہم آواز ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں یوم دفاع پاکستان قومی اتحاد، ناقابل تسخیر ہمت و حوصلے اور ہمارے بہادر فوجی جوانوں کی بے مثال قربانیوں کی علامت ہے۔

یہ بھی دیکھیں

فلسطین کی آزادی تک دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا، ایرانی سپریم لیڈر

تہران: ایران کے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ …