بدھ , 24 اپریل 2024

استاد کے تشدد سے طالبعلم کی ہلاکت، دوستوں نے اسکول نذر آتش کردیا

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور کے ایک نجی اسکول میں استاد کے تشدد سے مارے جانے والے طالب علم حافظ حنین بلال کے مشتعل دوستوں نے اسکول کی عمارت کو آگ لگادی۔ابتدائی رپورٹس کے مطابق نجی اسکول کے طلبہ سمیت متعدد لوگ پیٹرول کی بوتلیں لے کر اسکول پہنچے، انہوں نے بوتلیں اسکول کی عمارت کے اندر پھینکنا شروع کردیں اور پھر اسے آگ لگادی۔

واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کو بھی طلب کیا گیا۔اقبال ٹاؤن ڈویژن کے سپرنٹنڈنٹ پولیس محمد اجمل نے کہا کہ پولیس نے صورتحال پر قابو پالیا جبکہ کچھ افراد کو رنگے ہاتھوں گرفتار بھی کرلیا۔

انہوں نے بتایا کہ جن لوگوں نے اسکول پر پیٹرول کی بوتلیں پھنکیں اور آگ لگائی، ان میں زیادہ تر اسی اسکول کے طلبہ تھے جہاں استاد کے تشدد سے حافظ حنین بلال جاں بحق ہوگیا تھا۔ریسکیو 1122 کے فائر فائٹرز نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ پوری عمارت تک آگ پہنچنے سے قبل ہی اس پر قابو پالیا گیا تاہم اس سے چند کلاس روم متاثر ہوئے ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پولیس ان افراد کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہی ہے جنہوں نے یہ جرم کرنے پر کم عمر طلبہ کو اشتعال دلوایا۔

خیال رہے کہ مستقبل میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے اس کی عمارت کے اطراف میں سخت سیکیورٹی تعینات کردی گئی۔ایس پی اقبال ٹاؤن نے کہا کہ پولیس کی بروقت کارروائی سے موقع پر موجود مظاہرین منتشر ہوگئے تھے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پولیس نے حنین کو تشدد کا نشانہ بنانے والے استاد کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …