جمعرات , 25 اپریل 2024

ایف بی آر نے درآمد شدہ موبائل فونز پر ریگولیٹر ڈیوٹی میں 50 فیصد تک کمی کی تجویز پیش کردی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں موبائل صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے درآمد شدہ موبائل فونز پر ریگولیٹر ڈیوٹی میں 50 فیصد تک کمی کی تجویز پیش کردی۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اس کمی کا مقصد ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ اور عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ایف بی آر کا ماننا ہے کہ اس کمی کی وجہ سے ٹیکس کے وصولی میں کمی واقع نہیں ہوگی جبکہ اس کی مدد سے درآمدات میں اضافہ ہوگا۔

چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کی جانب سے جاری ہونے والی سمری کے مطابق ٹیکس میں کمی سے پاکستان میں موبائل فون کے حجم میں اضافہ ہوا لیکن اس کی وجہ سے مجموعی طور پر پیدا ہونے والے منفی اثرات بھی ختم ہوجائیں گے۔خیال رہے کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں موبائل فون کے ٹیکسز اور ریگولیٹری ڈیوٹیز میں کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔جن موبائل فونز پر ڈیوٹی میں کمی کا فیصلہ کیا گیا، ان میں وہ موبائل سیٹ شامل ہیں، جن کی قدر ایک سو سے 2 سو ڈالر تک ہے۔

کراچی کے ایک تاجر نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر ڈان کو بتایا کہ اس تجویز کے عمل میں آنے کے بعد مقامی مارکیٹ میں موبائل فون کی قیمتوں میں کمی آئے گی تاہم اس سے مقامی سطح پر تیار کردہ موبائل فونز کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ کے ساتھ مل کر پاکستان میں موبائل فونز کی تیاری کے لیے ایک پالیسی تشکیل دے رہے ہیں جو حتمی مراحل میں ہے۔

موبائل فونز کی صنعت اب چین سے باہر جارہی ہے اور وہ دیگر ممالک کو بھی اس شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے متوجہ کر رہی ہے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ موبائل فون پر ڈیوٹیز میں کمی کی طرح درآمد ہونے والے استعمال شدہ کپڑوں سے متعلق بھی سمری مرتب کی جائے گی کیونکہ یہ کپڑے زیادہ تر غریب افراد استعمال کرتے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، انڈیکس 59 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کے روز کاروبار کا آغاز تیزی کے رجحان سے …