بدھ , 23 اکتوبر 2019

سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات پر یمنی ڈرون حملوں کے بعد تیل کی قیمتوں میں اضافہ

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات پر یمنی فورسز کے حملوں کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔ سعودی عرب میں تیل کے کنوؤں اور پلانٹس پر حملوں کے نتیجے میں تیل کی عالمی رسد میں پانچ فیصد کمی ہوگئی ہے جس کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں چار ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی خام تیل کی قیمت میں 10.68 فیصداضافہ ہوگیا اور یورپی آئل مارکیٹوں میں برینٹ خام تیل 11.77فیصدمہنگا ہوگیا۔ تیل کی عالمی منڈی میں امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 60.71 ڈالر اور برینٹ کروڈ کے دام 67.31ڈالر فی بیرل ہوگئے ہیں۔ سعودی عرب کا کہنا ہے کہ تنصیبات سے تیل کی رسد مکمل طور پر بحال ہونے میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں جس کے باعث اتنے ہی عرصے تک قیمتوں میں اضافہ برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔

ہفتے کے روز سعودی عرب میں تیل کی دو بڑی اور اہم تنصیبات پریمنی فورسز نے ڈرون حملے کئے تھے جس کے نتیجے میں ان مقامات پر آگ لگ گئی اور کافی مالی نقصان ہوا۔ یمنی فورسز اس سے قبل اعلان کرچکی تھیں کہ وہ یمن پر سعودی عرب کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے آمادہ ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

امریکی فوجیوں کو عراق میں ٹھہرنے کا کوئی حق نہیں

بغداد: امریکی فوج کو شام سے خارج ہوکرعراق میں ٹھہرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ …