ہفتہ , 20 اپریل 2024

مفت میں ٹی وی چینل دیکھنے کے لیے چور نے خود کو گرفتار کروا دیا

پیرس (مانیٹرنگ ڈیسک) ایک ہوتے ہیں مفت خورے، پھر آتے ہیں حد سے زیادہ مفت خورے، اور پھر آتے ہیں پڑوسی سے وائی فائی پاس ورڈ کے لیے منتیں کرنے والے… لیکن فرانس کے اس 25 سالہ چور نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا اور معاوضے پر دکھایا جانے والا ٹی وی چینل مفت میں دیکھنے کے لیے خود کو گرفتار کروا دیا کیونکہ جیل میں قیدیوں کو یہی چینل مفت میں دیکھنے کی سہولت میسر ہے۔

فرانسیسی شہر تولوس کے نواحی علاقے میں ایک نوجوان چور نے (جس کا نام پوشیدہ رکھا گیا ہے) مختلف جگہوں پر وارداتیں کیں اور جان بوجھ کر ایسے سراغ چھوڑے جن کے ذریعے اسے بہ آسانی گرفتار کیا جاسکتا تھا۔ چند ہی دنوں میں پولیس نے اس نوجوان کو گرفتار کرلیا اور اس نے سکون سے اپنا جرم بھی قبول کرلیا جس پر اسے جیل بھیج دیا گیا۔

چور کے وکیل نے فرانسیسی میڈیا کو بتایا کہ وہ نوجوان اگرچہ عادی چور ہے لیکن اب کی بار اس نے جان بوجھ کر خود کو گرفتار کروایا ہے کیونکہ وہ فرانس کا مشہور چینل ’’کینال پلس‘‘ مفت میں دیکھنا چاہتا ہے۔ عام شہریوں کےلیے اس چینل کی ماہانہ سبسکرپشن فیس 10 یورو (1730 پاکستانی روپے) ہے جو دیگر چینلوں کے مقابلے میں خاصی زیادہ ہے۔

بار بار سرکاری مہمان رہنے کی وجہ سے وہ جانتا ہے کہ فرانسیسی جیلوں میں قیدی یہ چینل مفت میں دیکھ سکتے ہیں، یعنی 10 یورو ماہانہ کی بچت کرسکتے ہیں۔ مفت میں کینال پلس دیکھنے کا شوق اتنا شدید تھا کہ نوجوان نے جان بوجھ کر خود کو گرفتار کروا دیا۔

واضح رہے کہ جان بوجھ کر جیل جانے کے لیے جرم کرنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ کچھ سال پہلے ایک شخص نے بینک ڈکیتی کرتے ہوئے خود کو رنگے ہاتھوں گرفتار کروایا تھا تاکہ اپنی بیوی سے دور رہ سکے۔

ایسا ہی ایک واقعہ اس سال کی ابتداء میں سامنے آیا تھا جب فلوریڈا میں رہنے والے ایک شخص نے اقبالِ جرم کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنی بیوی کے پاس واپس گھر جانے کے بجائے جیل جانا چاہے گا۔ اتنا ضرور ہے کہ مفت چینل دیکھنے کے چکر میں خود کو جان بوجھ کر گرفتار کروانے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔

یہ بھی دیکھیں

10 جملوں میں لکھے حروف کو کم وقت میں گننے کا ریکارڈ

اربد: ایک اردنی شخص نے اپنی ریاضی کی بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے …