بدھ , 23 اکتوبر 2019

کراچی میں 14 روٹس پر 200 ایئر کنڈیشن بسیں چلانے کی منظوری

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں شہری انتظامیہ نے 14 مختلف روٹس پر 200 ایئر کنڈیشنز بسیں چلانے کی منظوری دے دی۔سندھ ٹرانسپورٹ کمپنی نے نجی بس کی سروس فراہم کرنے والی ایک بڑی کمپنی کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے، جس سے آئندہ کچھ ماہ میں صوبائی دارالحکومت کراچی میں ایک ہزار بسیں چلانے کا ارادہ ہے۔

اس حوالے سے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرنے والے کمشنر افتخار شلوانی نے ڈان کو بتایا کہ اس منصوبے کے پہلے مرحلے کے تحت آئندہ 2 ماہ میں شہر قائد کی سڑکوں پر بسز کا پہلا بیڑا نظر آئے گا۔دوسری جانب سرکاری ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس میں 200 نئی بسوں کے لیے 14 روٹس کی منظوری دی گئی اور آر ٹی اے کو ہدایت کی گئی کہ وہ تمام اسٹیٹ ہولڈرز سے مشاورت کے بعد روٹس کو حتمی شکل دیں۔

واضح رہے کہ وزیر ٹرانسپورٹ کے پیپلز بس سروس کے تحت ڈیوو پاکستان ایکسپریس بس سروس لمیٹڈ کے درمیان حال ہی میں ہونے والے معاہدے کے تحت کراچی کے مختلف روٹس پر 1000 بسیں چلائی جائیں گی۔سی این جی پر چلنے والی نئی بسیں کراچی کے 40 روٹس پر رواں دواں ہوں گی اور ہر روٹ 15 کلو میٹر سے طویل نہیں ہوگا۔

ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی بورڈ کی جانب سے، جن کی اجازت دی گئی ہے، ان میں لانڈھی (بابر مارکیٹ) سے بلدیہ، سرجانی ٹاؤن سے کورنگی، لانڈھی (قائدآباد) سے سرجانی، گلشن معمار سے ٹاور، لانڈھی سے لی مارکیٹ، گلشن حدید سے لکی اسٹار، لانڈھی (بھینس کالونی) سے صدر، ملیر کینٹ سے ٹاور، ملیر کھوکھراپار سے ٹاور، نارتھ کراچی 7 ڈی سے ٹاور، شاہ فیصل کالونی سے فشریز، ایل ای آر پی کالونی سے ڈاک یارڈ، تیسر ٹاؤن سے فشریز اور داؤد چورنگی سے ٹاور کے روٹس شامل ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

لاہورمیں حضرت داتا گنج بخش کے 976 ویں تین روزہ عرس کا آغاز

لاہور : حضرت داتا گنج بخش کے976ویں عرس کی تقریبات کا آغاز ہوگیا، صوبائی وزیر …