بدھ , 24 اپریل 2024

جارح سعودی اتحاد کے تین بریگیڈ تہس نہس ہزاروں سعودی اور جارح فوجی گرفتار

صنعا: یمن کی فوج اور عوامی رضارکارفورس نے سعودی عرب کے جنوبی علاقے نجران میں ایک بہت بڑی کارروائی کے دوران جارح سعودی اتحاد کے تین بریگیڈ کو تہس نہس کرتے ہوئے سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے سیکڑوں فوجیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے جبکہ ہزاروں جارح فوجیوں کو قیدی بنا لیا ہے۔
یمنی فوج کے ترجمان یحیی السریع نے ایک پریس کانفرنس میں یمنی فوج اور عوامی رضاکارفورس کی شاندار اور تاریخی کارروائی کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ جارح سعودی اتحاد کے خلاف نصرمن اللہ نامی یہ کارروائی پچھلے تین مہینے سے سعودی علاقے نجران میں جاری تھی اس دوران پچھلے بہترگھنٹے کے دوران ان کا محاصرہ کرکے جارح سعودی اتحاد کے تین بریگیڈ کا قلع قمع کردیا گیا ہے –
اس کارروائی میں سعودی عرب اوراس کے اتحادیوں کے سیکڑوں فوجیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ہے جن میں بہت سے سعودی فوجی کمانڈر بھی شامل ہیں –
یمنی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے اپنی اس کارروائی میں ہزاروں جارح فوجیوں کوگرفتار کرلیا ہے جن میں سعودی عرب کے متعدد اعلی فوجی کمانڈر بھی شامل ہیں –
اس کارروائی میں جارح اتحاد کے بہت سے فوجی ساز وسامان بھی ضبط کرلئے گئے ہیں – ان کا کہنا تھا کہ یمنی فوج گرفتار کئے گئے جارح فوجیوں کی حفاظت کے لئے ہر ممکن کوشش کررہی ہے کیونکہ سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک گرفتار کئے گئے ان فوجیوں کو ہلاک کردینے کی کوشش میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نصرمن اللہ نامی اس بڑی کاروائی کی تفصیلات بھی جلد میڈیا کو بتادی جائیں گی –
اس درمیان یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمدعبدالسلام نے بھی کہا ہے کہ نصرمن اللہ نامی کارروائی جارح قوتوں اور غاصبوں کے لئے انتباہ ہے کہ انہیں اب اس کے بعد مزید کاری ضرب اور شدید حملوں کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہوجانا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ یمن کی فوج اور عوامی رضاکارفورس اپنے وطن کا ایک ایک چپہ غاصبوں کے قبضے سے آزاد کرائیں گی۔ دوسری جانب یمن میں قیدیوں کے امور کی کمیٹی نےبتایا ہے کہ جارح سعودی اتحاد نجران کے علاقےمیں مارے گئے اپنے فوجیوں کی لاشیں وہاں سے اٹھانے نہیں دے رہا ہے –
یمن میں قیدیوں کے امور کی کمیٹی کے سربراہ عبدالقادر المرتضی نے کہا کہ جارح سعودی اتحاد سے وابستہ ان سیکڑوں فوجیوں کی لاشوں کو سعودی عرب اٹھانے کی اجازت نہیں دے رہا ہے جو یمنی فوج کے اس بڑے آپریشن میں مارے گئے ہیں – ان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے سیکڑوں فوجیوں کی لاشیں نجران میں کھلے میدانوں اور پہاڑی علاقوں میں پڑی ہوئی ہیں لیکن سعودی حکومت ریڈکراس کمیٹی کو ان لاشوں کو اٹھانے کی اجازت نہیں دے رہی ہے-
دریں اثنا یمنی فوج اورعوامی رضاکارفورس نے سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات یمن کے شمال مغربی صوبے حجہ کےعلاقے حیران میں جارح سعودی اتحاد کے ٹھکانوں پر زلزال ایک بیلسٹیک میزائلوں سے حملہ کیا ہے اس حملے میں جارح اتحاد کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچا ہے –

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …