جمعہ , 19 اپریل 2024

قومی اسمبلی کا اجلاس اب عوام بھی دیکھ سکیں گے

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے عام آدمی کو اجلاس کی کارروائی تک رسائی دینے کے لیے قومی اسمبلی میں گیلری اور استقبالیے کا افتتاح کردیا۔

عام آدمی کے گیلری پاس نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) سے جاری کردہ کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کے حامل افراد کو جاری کیے جائیں گے، عام آدمی گیلری پاس ناقابلِ انتقال ہوں گے۔

قومی اسمبلی کی عام آدمی گیلری میں کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ نادرا کی تصدیق کے ذریعے چیک کیا جائے گا اور عوام کا داخلہ گیٹ نمبر 5 سے ہوگا۔

علاوہ ازیں کسی بھی قسم کا قانون توڑنے پر متعلقہ ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ساتھ ہی مہمانوں کو گیلریوں میں موبائل فون، ٹیپ ریکارڈ، ریکارڈنگ کے دیگر آلات، اسلحہ، چھتریاں، کیمرے، چھڑیاں، دستی ہینڈ بیگ، اٹیچی کیس اور کتابیں وغیرہ لے جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

علاوہ ازیں گیلریوں میں تمباکو نوشی، تالیاں بجانا، نعرے بازی کرنا اور عام آدمی گیلری کے علاوہ کسی دیگر مقامات پر جانا منع ہوگا۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی کی عام آدمی گیلری میں مکمل کوائف کی عدم فراہمی کی صورت میں پاس کے اجرا کی درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے سندھ اور پنجاب کے گورنر ہاؤس عوام کی سیر و تفریح کے لیے کھول دیے تھے۔

بعدازاں گزشتہ برس دسمبر میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایوان صدر کو بھی عوام کے لیے کھول دیا گیا تھا، جو حکومت کے سرکاری عمارتوں تک عوام کی رسائی کے منصوبے کا حصہ ہے۔

علاوہ ازیں رواں برس اگست میں صوبہ خیبرپختونخوا کی حکومت نے نتھیا گلی میں قائم گورنر ہاؤس اور وزیراعلیٰ ہاؤس سمیت اپنے 4 ریسٹ ہاؤسز عوام کی بکنگ اور رہائش کے لیے کھول دیئے تھے۔

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …