ہفتہ , 20 اپریل 2024

بھارت: اسکول میں علامہ اقبال کی نظم پڑھانے پر استاد معطل

پیلی بھیت: آبادی کے لحاظ سے بھارت کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش کے ضلع پیلی بھیت کے ایک اسکول ہیڈ ماسٹر کو شاعر مشرق علامہ اقبال کی شہرہ آفاق نظم ’لب پہ آتی ہے دعا بن کر تمنا میری‘ پڑھانے پر معطل کردیا گیا۔

ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے ’لب پہ آتی ہے دعا بن کر تمنا میری‘ نظم سوا صدی قبل 1905 میں لکھی تھی اور یہ نظم پاکستان میں تقریبا ہر اسکول اور مدرسے میں پڑھائی جاتی ہے۔

علامہ اقبال کی یہی نظم ہندوستان میں بھی مسلمان طلبہ دوران تعلیم اسکول و مدارس میں پڑھتے ہیں۔

یہ نظم ننھے طالب علم کی جانب سے اچھا شاگرد، بہترین انسان اور دوسروں کا ہمدرد بننے کی دعا ہے۔

اس نظم کو اردو میں لکھی گئی طالب علموں کی مقبول دعا کا درجہ بھی حاصل ہے اور اسی وجہ سے ہی اساتذہ اور والدین بچوں اور شاگردوں کو اسے پڑھنے پرآمادہ کرتے ہیں۔

تاہم بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع پیلی بھیت کے علاقے بسالپور کے ایک اسکول کے ہیڈ ماسٹر کو شاگردوں کو یہ دعا پڑھنے پر آمادہ کرنے پر معطل کردیا گیا۔

بھارتی اخبار ’انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق بسالپور کے سرکاری اسکول کے ہیڈ ماسٹر 45 سالہ فرقان احمد کے خلاف انتہا پسند ہندو جماعت ’وشوا ہندو پریشد‘ (وی ایچ پی) کے ارکان نے شکایت کی تھی۔

ہندو انتہا پسند ارکان کی شکایت کے بعد ضلعی انتظامیہ نے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسر کو معاملے کی تفتیش کا حکم دیا تھا۔

علامہ اقبال کی وفات تقسیم ہند سے قبل ہوئی تھی—فوٹو: پی ٹی وی
محکمہ تعلیم کی تفتیشی ٹیم نے اسکول کے ہیڈ ماسٹر کو طلبہ کو علامہ اقبال کی دعا پڑھنے پر آمادہ کرنے کے الزام میں معطل کردیا۔

حیران کن بات یہ ہے کہ بھارتی اسکولوں میں علامہ اقبال کی ایک صدی قبل لکھی گئی نظم ’سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا‘ بڑے شوق سے پڑھی جاتی ہے۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …