ہفتہ , 20 اپریل 2024

کرتارپورراہداری معاہدے پر دستخط آج ہوں گے

اسلام آباد: پاکستان اور بھارت کے درمیان کرتارپورراہداری کھولنے کے معاہدے پر آج دستخط ہوں گے، کرتارپور راہداری کھلنے کے بعد بھارتی یاتری بغیر ویزا دربارصاحب کرتارپور آسکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق کرتارپورراہداری کھولنے کے معاہدے پر آج دستخط کیے جائیں گے، دستخط کی تقریب دوپہر 12 بجے کرتارپورزیرو پوائنٹ پر ہوگی، معاہدے پر پاکستان اور بھارت کے مقرر فوکل پرسنز دستخط کریں گے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان کی طرف سے دفترخارجہ کے ڈی جی جنوبی ایشیا ڈاکٹر فیصل فوکل پرسن ہیں جبکہ بھارت کی جانب سے فوکل پرسن وہاں کے جوائنٹ سیکرٹری داخلہ ہیں۔

ذرائع کے مطابق کرتارپور راہداری کھلنے کے بعد بھارتی یاتری بغیر ویزا دربارصاحب کرتارپور آسکیں گے، بھارتی یاتریوں کو پاسپورٹ، آدھار کارڈ یا پین کارڈ بطور شناخت دکھانا ہوگا۔

پاکستان امیگریشن حکام ہر بھارتی یاتری کو ایک بار کوڈوالا کارڈ جاری کریں گے، بھارتی یاتریوں کی آمد صبح 8سے دن 12بجے تک ہوگی اور غروب آفتاب تک سب یاتریوں کو واپس جانا ہوگا۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان کرتارپور کوریڈور کے تمام انتظامات مکمل کرچکا ہے، کوشش ہے کرتارپور راہداری معاہدے پر آج دستخط ہوجائیں، سفارتکاروں کے دورہ ایل اوسی سے صورتحال دنیا کے سامنے آگئی ہے۔

کرتارپور راہداری کے حوالے سے ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہر سکھ یاتری 20ڈالرفیس کے طور پر ادا کرے گا، کوشش ہے کرتارپورراہداری کھولنے کے معاہدے پر آج دستخط ہوجائیں، کرتار پور کاریڈور سے متعلق انتظامات مکمل ہیں، دستخط کے ساتھ ہی معاہدہ بھی سب کے سامنے لایا جائے گا۔

 

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …