جمعہ , 19 اپریل 2024

یورپ کے پاس ایران کو مطمئن کرنے کے لئے دو ماہ کا وقت ہے

تہران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اتوار کو ملکی و غیرملکی صحافیوں سے گفتگو کی۔اس موقع پر سید عباس موسوی نے ملکی اور علاقائی مسائل کے بارے میں صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیا۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اتوار کو ملکی و غیرملکی صحافیوں سے گفتگو کی۔ انہوں نے شام پر ترکی کے حملے کے بعد ایرانی حکام سے ناراضگی پر مبنی ترک صدر کے بیانات کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ علاقے کے ممالک خاص طور سے دوست ممالک کے ساتھ ایران کے دوستانہ تعلقات اپنی جگہ محفوظ ہیں اور ترکی کے ساتھ ایران کے تعلقات کبھی بھی آج کی طرح اپنے عروج پر نہیں رہے ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ تہران اپنے اصولی موقف سے پیچھے ہٹ جائے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے عراق کے حالیہ واقعات اور علاقے پر اس کے اثرات کے بارے میں کہا کہ تہران، عراق کے داخلی مسائل کے بارے میں اظہار خیال نہیں کرتا لیکن مجموعی طور پر کچھ لوگ اس ملک کے حالیہ احتجاجی مظاہروں سے ناجائز فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے تہران کی جانب سے ایٹمی ڈاکٹرین پرنظرثانی کرنے کے امکان کے بارے میں ماسکو میں ایران کے نائب وزیرخارجہ سید عباس عراقچی اور اسنیپ بیک میکانیزم کے حوالے سے یورپ کے بیانات کے بارے میں کہا کہ یورپ کو نہ اس کا حق ہے اور نہ ہی وہ ایسا کر سکتا ہے کیونکہ ایران نے ایٹمی سمجھوتے پر عمل درآمد کی سطح میں کمی لانے کا فیصلہ ایٹمی سمجھوتے کی بنیاد پر کیا ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران کا یہ حق محفوظ ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایٹمی سمجھوتے پر عمل درآمد کی سطح میں کمی لانے کے چوتھے قدم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ابھی سفارتکاری کے لئے وقت ہے اور مذاکرات کے دروازے کھلے ہوئے ہیں۔
سیدعباس موسوی نے ایران کی جانب سے چوتھا قدم اٹھائے جانے پر فرانس کے صدر امانوئل میکرون کے سخت موقف کے بارے میں کہا کہ میکرون کا موقف قابل درک ہے، ان لوگوں نے ایران کا سنجیدہ موقف دیکھ لیا اور دوسری طرف ان کے پاس اپنے وعدوں پر عمل نہ کر پانے کے بارے میں بھی کوئی جواب نہیں ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس سوال کے جواب میں کہ کیا اسلامی جمہوریہ ایٹمی سمجھوتے سے نکلنے کا فیصلہ کرے گا کہا کہ صلاح و مشورہ جاری ہے اور یورپ کے پاس اپنے وعدوں پر عمل کرنے اور اسلامی جمہوریہ کو مطمئن کرنے کے لئے دو مہینے کا وقت ہے۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …