جمعہ , 19 اپریل 2024

امریکہ ایرانی عوام کو سو فی صد نقصان پہنچانا چاہتا ہے

تہران: اسلامی جمہوریہ ایران نے ایرانی عوام کے بارے میں امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے اسے منافقانہ اور فریب کارانہ قرار دیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے ایران کے مختلف شہروں میں محدود پیمانے پر ہونے والے احتجاجی مظاہروں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ امریکہ، ایرانی عوام کی حمایت کرتا ہے۔ایران کی قومی اسمبلی کے اسپیکر علی لاریجانی نے پیر کی صبح پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ ایرانی عوام کو سوفیصدی نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ بڑی بے شرمی اور احمقانہ موقع پرستی سے کام لیتے ہوئے، عوامی املاک کو آگ لگائے جانے کی حمایت کر رہے ہیں اور اسے ایرانی عوام سے ہمدردی کا نام دے رہے ہیں۔لاریجانی نے کہا کہ امریکیوں کا مقصد ایران میں بدامنی پھیلانے اور عوام کی نابودی کے سوا کچھ نہیں۔انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایرانی عوام پوری ہوشیاری کے ساتھ دشمن کی سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے بھی امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو کی جانب سے ایران کے بعض شہروں میں بلوا کرنے والے شرپسندوں کی حمایت کی مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پومپیو کے حمایت یافتہ مٹھی بھر شرپسندوں اور تخریب کاروں کے اقدامات کا فہم و فراست کے حامل ایرانی عوام کے طرز عمل سے کوئی تعلق نہیں۔سید عباس موسوی نے واضح کیا کہ ایران کے غیور عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ امریکی وزیر خارجہ کے ریاکارنہ اور موذیانہ بیانات میں ذرہ برابر بھی سچائی اور صداقت نہیں پائی جاتی۔ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ مائک پومپیو ایسی قوم سے ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں جسے امریکہ نے اقتصادی دہشت گردی کا نشانہ بنا رکھا ہے اور کچھ عرصہ قبل اسی شخص نے اپنی زبان سے یہ بات کہی تھی کہ ایران کے عوام کو بھوک کا شکار بنا کر اپنے سامنے جھکنے پر مجبور کردیں گے۔ایران میں جمعے کو پیٹرول کی قیمتوں میں اصلاحات کے بعد بعض شہروں میں محدود پیمانے پر مظاہرے ہوئے تھے جو زیادہ تر پرامن رہے تاہم اکا دکا مقامات پر شرپسندوں نے عوامی احتجاج سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے سرکاری اور غیر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تھی۔رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اتوار کے روز درس خارج سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا تھا کہ یقینا ایران کے عوام کو حکومت کے اس فیصلے پر تشویش ہے لیکن جلاؤ گھیراؤ کرنا عوام کا نہیں شرپسندوں کا کام ہے۔آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے زور دے کر فرمایا تھا کہ انقلاب مخالفین اور ایران کے دشمن شروع ہی سے تخریب کاری اور بدامنی کی حمایت کر تے رہے ہیں اور آج بھی اسی کام میں مشغول ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …