جمعرات , 25 اپریل 2024

سنگین غداری: مشرف اور حکومت کی خصوصی عدالت کو فیصلہ سنانے سے روکنے کی درخواست

سابق صدر و آرمی چیف جنرل (ر) پرویزمشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کا فیصلہ رکوانے کیلئے پرویز مشرف کے ساتھ ساتھ وفاقی حکومت نے بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ان دونوں درخواستوں پر سماعت منگل 26 نومبر کیلئے مقرر کردی ہے جو چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں تین رکنی لارجر بینچ کرے گا۔

وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے جس میں اسلام آباد کی خصوصی عدالت کو 28 نومبر کو کیس کا فیصلہ سنانے سے روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔

اپنی درخواست میں وزارت داخلہ نے مؤقف اپنایا کہ سنگین غداری کیس میں پرویزمشرف کے شریک ملزمان کو ٹرائل میں شامل ہی نہیں کیا گیا، پراسیکیوشن ٹیم کو 23 اکتوبر کو ڈی نوٹیفائی کیا گیا مگر 24 اکتوبر کو اس نے بغیر اختیار کے مقدمہ کی پیروی کی۔

وزارت داخلہ کی درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پراسیکیوشن ٹیم نے تحریری دلائل بھی جمع کرائے جس کا اسے اختیار نہ تھا، خصوصی عدالت نے نئی پراسیکیوشن ٹیم نوٹیفائی کرنے کا موقع دیے بغیر ہی فیصلہ محفوظ کرلیا اور اسے سنانے کیلئے 28 نومبر کی تاریخ مقرر کردی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کو پراسیکیوشن ٹیم تبدیل کرنے کا اختیار ہے، خصوصی عدالت کا فیصلہ محفوظ کرنے کا 19 نومبر کا حکم نامہ کالعدم قرار دیا جائے، عبوری ریلیف کے طور پرخصوصی عدالت کا فیصلہ معطل کیا جائے اور خصوصی عدالت کو حتمی فیصلہ جاری کرنے سے روکا جائے۔

پرویز مشرف نے بھی فیصلہ رکوانے کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا
دوسری جانب بیرون ملک موجود سابق صدر پرویزمشرف نے بھی سنگین غداری کیس میں اسلام آباد کی خصوصی عدالتے کو فیصلہ سنانے سے روکنے کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کردی ہے۔

پرویز مشرف کی جانب سے ان کے وکیل سلمان صفدر نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں استدعا کی گئی ہے کہ خصوصی عدالت کو 28 نومبر کو فیصلہ سنانے سے روکا جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ پرویزمشرف سے قانون کے مطابق برتاؤ کیا جائے، کیس میں پرویز مشرف کا دفاع کرنے کے حق سے محروم کیا گیا، خصوصی عدالت کا فیصلہ آئین کے آرٹیکل 4 اور 10 اے کی خلاف ورزی ہے لہٰذا 19 نومبر 2019 کا خصوصی عدالت کا حکم نامہ معطل کیا جائے اور خصوصی عدالت کو فیصلہ دینے سے روکا جائے۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پرویزمشرف کو صفائی کا موقع ملنے تک خصوصی عدالت کو فیصلہ دینے سے روکا جائے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے 19 نومبر کو سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف سنگین غداری کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا جو 28 نومبر کو سنایا جانا ہے۔

پرویز مشرف نے اپنے وکیل کے وساطت سے لاہور ہائی کورٹ میں بھی ایک درخواست دائر کررکھی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ خصوصی عدالت کو فیصلہ سنانے سے روکا جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست سماعت کیلئے مقرر
اسلام آباد ہائی کورٹ نے پرویز مشرف کیخلاف سنگین غداری کیس میں خصوصی عدالت کو فیصلہ سنانے سے روکنے کی وزارت داخلہ اور پرویز مشرف کی درخواست منگل 26 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر کردی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں وزارت داخلہ اور پرویزمشرف کی درخواستوں پرسماعت منگل کو ہوگی جو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں تین رکنی لارجر بینچ کرےگا۔

سنگین غداری کیس کا پس منظر
سابق حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پرویز مشرف کے خلاف آئین شکنی کا مقدمہ نومبر 2013 میں درج کیا تھا۔ یہ مقدمہ پرویز مشرف پر آرمی چیف کی حیثیت سے تین نومبر 2007ء کو ملک کا آئین معطل کر کے ایمرجنسی لگانے کے اقدام پر درج کیا گیا تھا۔

مقدمے میں اب تک 100 سے زائد سماعتیں ہوئیں جب کہ اس دوران 4 جج تبدیل ہوئے۔

عدالت نے متعدد مرتبہ پرویز مشرف کو وقت دیا لیکن وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے ۔ْ

مارچ 2014 میں خصوصی عدالت کی جانب سے سابق صدر پر فرد جرم عائد کی گئی تھی جب کہ ستمبر میں پراسیکیوشن کی جانب سے ثبوت فراہم کیے گئے تھے تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم امتناع کے بعد خصوصی عدالت پرویز مشرف کے خلاف مزید سماعت نہیں کرسکی۔

بعدازاں 2016 میں عدالت کے حکم پر ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل ) سے نام نکالے جانے کے بعد وہ ملک سے باہر چلے گئے تھے۔

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …