جمعہ , 19 اپریل 2024

لندن: ڈاکٹروں نے نواز شریف کو اسپتال میں داخل ہونے کی تجویز دے دی

لندن: سابق وزیراعظم نوازشریف گزشتہ ایک ہفتے سےعلاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جہاں ان کا طبی معائنہ اور مختلف ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق لندن میں علاج کے لیے مقیم سابق وزیراعظم نوازشریف دل کا معائنہ کرانے کے لیے لندن برج اسپتال پہنچے۔ طبی معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے سابق وزیراعظم کو اسپتال میں داخل ہونے کی تجویز دے دی۔

معائنے کے بعد نوازشریف اسپتال سے واپس گھر روانہ ہوگئے، ان کے ہمراہ شہباز شریف، حسین نواز، وقار احمد، محمد حنیف اور ناصر بٹ بھی تھے۔

نواز شریف کے چیک اپ کے بعد اسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز ہیماٹولوجسٹ کی رپورٹس کا انتظار کررہے ہیں۔

وزیر ریلوے شیخ رشید کے بیان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کی کسی بات کا کبھی جواب نہیں دیا، اللہ تعالی شیخ رشید کو ہدایت دے۔

اس موقع پر نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں نے نواز شریف کو اسپتال میں داخل ہونے کی ہدایت کی ہے، نواز شریف کا پی ای ٹی اسکین جمعرات کو ہو گا۔

واضح رہے کہ نوازشریف لندن میں علاج کی غرض سے 19 نومبر سے موجود ہیں اوراس دوران وہ 3 بار طبی معائنے کے لیے گھرسے باہرنکلے ہیں۔

دو روز قبل لندن کے یونیورسٹی اسپتال میں دل کے ماہر معالج ڈاکٹرلارنس نے نوازشریف کا طبی معائنہ کیا تھا۔

اس حوالے سے نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نے ڈاکٹر لارنس سے یونیورسٹی کالج اسپتال (ہارٹ اسپتال) میں دل کا معائنہ کرایا، ان کو دل سے متعلق ٹیسٹ اور علاج کا روڈمیپ دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر عدنان کے مطابق ڈاکٹر لارنس گائز اسپتال کے ہیماٹولجسٹس کی معاونت سے نواز شریف کا علاج کریں گے۔

اس سے قبل پاکستان سے برطانیہ پہنچنے کے بعد لندن کے گائز اسپتال میں نواز شریف کا 4 گھنٹے تک طبی معائنہ ہوا تھا اس دوران ان کےدل کے معائنے کے ساتھ خون کے ٹیسٹ بھی کیے گئےتھے جن کے نتائج آئندہ چند روز میں آئیں گے۔

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …