جمعرات , 25 اپریل 2024

دشمن پر لرزہ طاری کرنے والے میجر شبیر شریف شہید کا 48 واں یوم شہادت

کراچی : پاک فوج کےنامور سپوت اور 1971 کی جنگ میں نشان حیدر حاصل کرنے والے میجر شبیر شریف شہید کا 48 واں یوم شہادت آج عقیدت واحترام سے منایا جا رہا ہے، وہ واحد شخصیت ہیں جنہیں نشان حیدر اور ستارہ جرات سے نوازا گیا۔

تفصیلات کے مطابق میجر شبیرشریف شہید 28 اپریل 1947 کو ضلع گجرات کےقصبہ کنجاہ میں پیدا ہوئے، انہوں نے 1964 میں 21 سال کی عمر میں پاک فوج میں شمولیت اختیار کی، آپ شروع ہی سے وطن عزیز پر جان قربان کرنے کا جذبہ رکھتے تھے۔

پاک بھارت1965 کی جنگ میں وہ بحیثیت سیکنڈ لیفٹیننٹ شریک ہوئے اور جنگ میں بہادری سے دشمن کا مقابلہ کیا ، جس پر انہیں ستارۂ جرأت سے نوازا گیا۔

انیس سو اکتہر کی پاک بھارت جنگ میں یہی عزم اور حوصلہ کام آیا، جب ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر میجر شبیر شریف کی کمان میں سکس ایف ایف رجمنٹ نے دشمن کی فوج کو تہس نہس کرڈالا۔

میجر شبیر شریف اور ان کے ساتھیوں نے ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر بھارتی فوج کا حملہ ناکام بنادیا تھا، انہوں نے دشمن کے 43 سپاہیوں کو ہلاک اور 28 کو قیدی بنایا اس کے علاوہ دشمن کے 4 ٹینک بھی تباہ کیے اور دشمنوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے 6 دسمبر کو جام شہادت نوش کیا۔

پاکستان فوج کے لئے بے لوث خدمات کے اعتراف میں انھیں پاکستان کے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشان حیدر سے نواز گیا۔ انھیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ نشان حیدر اور ستارہ جرات حاصل کرنے والی واحد شخصیت ہیں۔

میجر شبیر شریف کے قریبی عزیز میجر عزیز بھٹی بھی نشان حیدر حاصل کرنے والے خوش نصیبوں میں شامل ہیں۔ میجر شبیر شریف کے سگے چھوٹے بھائی جنرل راحیل شریف بھی پاکستان آرمی کے سپہ سالار کے طور پر فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔

دشمن کے خلاف مردانہ وار لڑنے پر میجر شبیر شریف کو آرمی کا سپر مین بھی کہہ کر پکارا جاتا تھا، ان کے یوم شہادت کے سلسلے میں ملک بھر میں تقریبات منعقد ہوگی ، جس میں میجرشبیرشریف شہید کوخراج عقیدت پیش کیا جائےگا۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …