جمعہ , 19 اپریل 2024

وزیراعظم عمران خان کو بحرین کے اعلیٰ سول ایوارڈ سے نوازا جائے گا

وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو بحرین کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ’شاہ حماد آرڈر آف رنیسانس‘ سے نوازا جائے گا۔

عمران خان کے معاون خصوصی برائے بیرون ملک مقیم پاکسانی زلفی بخاری نے عرب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’وزیر اعظم عمران خان رواں ماہ بحرین کے سرکاری دورے پر جائیں گے جہاں انہیں بحرین کے اعلیٰ سول ایوارڈ سے بھی نوازا جائےگا۔‘

زلفی بخاری نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان کو یہ ایوارڈ سرکاری دورے کے دوران ایک خاص تقریب کے موقع پر دیا جائے گا۔

بحرین کے نیشنل گارڈ لیفٹیننٹ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ نے رواں سال کے شروع میں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور اس دوران انہوں نے عمران خان کو بحرین کے دورے کی دعوت دی تھی۔

وزیر اعظم خان متوقع طور پر 15 دسمبر سے تین ممالک کے دورے پر روانہ ہوں گے۔

عمران خان اپنے سرکاری دورے کا آغاز بحرین سے کریں گے جہاں وہ خلیفہ بن سلمان آل خلیفہ اور شاہ حماد بن عیسیٰ آل خلیفہ سے ملاقات کریں گے اور بحرین کے قومی دن کی تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان اپنے سرکاری دورے میں بحرین کے بعد سوئٹزر لینڈ روانہ ہوں گے جب کہ عمران خان ملائشیا میں اپنے سرکاری دورہ ختم کرنے سے قبل جنیوا میں مہاجرین سے متعلق عالمی کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو بحرین کے بادشاہ حماد بن عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ نے اگست میں بحرین کے دورے کے دوران شاہ حماد آرڈر آف رنیسانس کے ایوارڈ سے نوازا تھا۔

 

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …