جمعرات , 25 اپریل 2024

پشتو شاعر ظہور عباس کا قتل، سیکڑوں افراد کا احتجاجی مظاہرہ

لکی مروت: خیبر پختون خوا کے علاقے لکی مروت میں مشہور پشتو شاعر ظہور عباس شاہ افکار بخاری کو قتل کر دیا گیا، جس پر احتجاج کرتے ہوئے سیکڑوں مقامی افراد سڑکوں پر نکل آئے۔

تفصیلات کے مطابق بنوں ڈویژن کے ضلع لکی مروت میں پشتو شاعر ظہور عباس شاہ کے قتل پر سیکڑوں افراد نے احتجاج کیا، مظاہرین نے ظہور عباس کی میت کارگل چوک پر رکھ کر انڈس ہائی وے بلاک کر دی۔

ظہور عباس شاہ افکار بخاری گزشتہ روز نا معلوم نقاب پوش ملزمان کی فائرنگ سے جاں بحق ہوئے تھے، واقعے کے بعد ان کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے گورنمنٹ سٹی اسپتال لکی مروت منتقل کی گئی تھی، تاہم مظاہرین نے ان کی میت حاصل کر کے سڑک پر رکھ کر احتجاج شروع کیا۔

احتجاج کے دوران ڈی پی او قاسم علی اور ڈپٹی کمشنر جہانگیر اعظم مذاکرات کے لیے پہنچے، پولیس کے اعلیٰ افسران کے ساتھ مظاہرین کے مذاکرات میں مطالبہ کیا گیا کہ افکار بخاری کے قاتلوں کا سراغ لگا کر فوری گرفتار کیا جائے۔

خیال رہے کہ پشتو شاعر کو گزشتہ روز ان کے حجرے میں گولیاں ماری گئی تھیں، جس سے وہ موقع ہی پر جاں بحق ہو گئے تھے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی تھی، پولیس کی جانب سے ضلع بھر کے داخلی و خارجی راستوں کی ناکہ بندی بھی کر دی گئی ہے۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …