جمعہ , 19 اپریل 2024

وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، مشرق وسطیٰ کے تنازع کے سفارتی حل پر زور

وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں مشرق وسطیٰ کے تنازع کے سفارتی حل پر زور دیا  گیا۔

وزیراعظم عمران نے سعودی عرب کے دورے پر ریاض میں سعودی ولی عہد شہزادہ  محمد بن سلمان سے ملاقات کی اور اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور ، دوطرفہ تعلقات اور خطے میں ہونے والی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں  علاقائی تناظر میں دو طرفہ امور پر وسیع مشاورت کی گئی اور پاک سعودی عرب تعلقات کی اسٹریٹجک اہمیت پر زور دیا گیا۔حکومتی اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے پاکستان  اور سعودی عرب کے  تعلقات کو امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے اہم قرار دیا اور سعودیہ کی جی 20 صدارت کے آغاز کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نےکہا کہ یہ عالمی برادری میں سعودی عرب کے قائدانہ کردارکا عکاس ہے۔

اعلامیے کے مطابق  وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے تمام تر کوششوں میں مدد فراہم کرتا رہے گا، انہوں نے اس بات  پر زور دیا کہ  تنازعات اور اختلافات کو سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کیا جائے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کو خوب سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے دورے سے معاشی سرمایہ کاری میں نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔ملاقات کے دوران  وزیراعظم نےسعودی ولی عہد کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور بھارت کے متشدد اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔اعلامیہ کےمطابق ملاقات میں او آئی سی اور دیگر ذرائع سے کشمیر کاز کو آگے بڑھانے پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

علاوہ ازیں سیاحت کے فروغ کے لیے سعودی ٹیم جلد ہی پاکستان کا دورہ کرے گی۔بعدازاں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان السعود وزیراعظم عمران خان کو خود گاڑی چلا کر ائیرپورٹ لائے اور الوداع کیا۔خیال رہے کہ ریاض روانہ ہونے سے قبل وزیراعظم نے مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ﷺ پہنچ کر روضہء رسول ﷺ پر حاضری دی جہاں انہوں نے نوافل ادا کیے اور عالم اسلام اور امہ کی سلامتی، اتحاد، خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

یہ بھی دیکھیں

اسرائیل دنیا کی ہمدردیاں کھو چکا ہے: امریکی عہدیدار

واشنگٹن:امریکی سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مارک وارنر نے کہا کہ یہ …