جمعہ , 19 اپریل 2024

ترک پارلیمنٹ کا لیبیا کی وفاقی حکومت کی فوری فوجی مدد پرغور

انقرہ: ترکی کی پارلیمنٹ نے لیبیا کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ قومی وفاق حکومت کی فوری فوجی امداد پر غور شروع کیا کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اتوار کی شام ترک پارلیمنٹ کے اجلاس میں انقرہ اور طرابلس کے درمیان طے پائے دفاعی معاہدے کے بارے میں ایک بل پیش کیا گیا۔ اس معاہدے میں کہا گیا ہے کہ ضرورت پڑنے اور قومی وفاق حکومت کی طرف سے مدد کی درخواست کی صورت میں ترکی طرابلس کی فوری فوجی مدد کرے گا۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ کے آخر میں ترکی اور لیبیا کی قومی وفاق حکومت کے درمیان ایک دفاعی معاہدہ طے پایا تھا۔ وسیع نوعیت کے اس سمجھوتے میں ترکی کی طرف سے طرابلس کو فوجی سازو سامان، اسلحہ اور دیگر جنگی آلات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ مصر، یونان اور لیبیا کے منحرف جنرل ریٹائرڈ خلیفہ حفتر نے اس معاہدے کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔

قومی وفاق حکومت اور ترکی کے درمیان طے پائے معاہدے میں نیول فورس سے متعلق معاونت کی تفصیلات اقوام متحدہ کو ارسال کی گئی ہیں تاکہ اقوام متحدہ سے اس کی منظوری حاصل کی جاسکے جب کہ فوری فوجی امداد کا معاملہ ترک پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا ہے۔ کل اتوار کے روز ترکی کے وزیر خارجہ مولود جاووش اوگلو نے کہا تھا کہ پارلیمان حکومت کی طرف سے لیبیا کی قومی وفاق حکومت کے ساتھ طے پائے سمجھوتے کو نافذ کرے گی۔ تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا ترک پارلیمنٹ اس بل پرکب رائے شماری کرے گئی۔ اس وقت ترک پارلیمنٹ میں طیب ایردوآن کی جماعت ‘آق’ کی اکثریت ہے اور وہ اس پارلیمان کے ذریعے اپنے مرضی کے فیصلے کراتے ہیں۔

جمعرات کو لیبیا کی نیشنل آرمی کے سربراہ جنرل خلیفہ حفتر نے اپنی وفادار فوج جو طرابلس کی طرف پیش قدمی کا حکم دیا تھا۔ ان کا کہنا تھاکہ طرابلس میں اب فیصلہ کن معرکہ شروع ہو گیا ہے۔ قومی وفاق حکومت اور جنرل حفتر کے درمیان رواں سال اپریل سے لڑائی جاری ہے اور قومی وفاق کو کئی محاذوں پر پسپائی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ہفتے کے روز جاویش اوگلو نے کہا تھا کہ لیبیا کی قومی وفاق حکومت کی طرف سے ترکی سے فوری فوجی مدد کی درخواست نہیں کی گئی۔ اگر قومی وفاق حکومت کی طرف سے ایسی کوئی درخواست کی جاتی ہے تو صدر طیب ایردوآن اس پر فوری فیصلہ کریں گے۔

یہ بھی دیکھیں

ترک صدر اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیدیا

انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیا ہے۔ترکی …