ہفتہ , 20 اپریل 2024

سوشل میڈیا بچوں میں کھانے سے متعلق مسائل کی جڑ

آج کل متعدد والدین کو اکثر  یہ شکایت ہے کہ ان کے بچے کھانے  پر توجہ نہیں دیتے یا یہ کسی ایک وقت کا کھانا نہیں کھاتے۔

دوسری جانب اکثر والدین اپنے ننھے بچوں کو کھانا کھلاتے وقت انہیں موبائل فون کارٹونز لگا کر دے دیتے ہیں تاکہ بچہ خاموشی سے موبائل دیکھتے دیکھتے کھانا ختم کر لے۔والدین خود بچپن سے ہی بچوں کو اسمارٹ فونز کا عادی بناتے ہیں جس کے سبب بڑے ہو کر بچے سوشل میڈیا کا ضرورت سے زیادہ استعمال کرنے لگتے ہیں۔موجودہ دور کی نسل میں سوشل میڈیا کا استعمال ضرورت سے زائد ہی بڑھ گیا ہے، سوشل میڈیا کا زیادہ استعمال بالخصوص بچے اور نوجوان کرتے ہیں۔ہم سب کو ہی یہ بات معلوم ہے کہ سوشل میڈیا کا ضرورت سے زیادہ استعمال انسان کی صحت اور دماغ کو تباہ کر دیتا ہے۔

ماہرینِ طب کے مطابق بچپن سے ہی اسمارٹ فون استعمال کرنے والے بچوں میں آنکھوں کے مسائل اور مزاج میں تبدیلی جیسے مسائل جنم لینا شروع ہو جاتے ہیں۔اسی حوالے سے آسٹریلیا کی فلنڈرز یونیورسٹی کی جانب سے ایک تحقیق کی گئی ہے جو انٹرنیشنل جنرل اور ایٹنگ ڈس آرڈر میں شائع ہوئی ہے۔

تحقیق سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ سوشل میڈیا استعمال کرنے والے بچوں کے مزاج میں تبدیلیاں  جب کہ کھانے سے متعلق مسائل پائے گئے ہیں۔تحقیق کے مطابق اسمارٹ فون کا زیادہ استعمال کرنے والی 51.7 فیصد لڑکیوں اور 45 فیصد لڑکوں میں کھانے سے متعلق مسائل پائے گئے جو اکثر اوقات ایک یا دو وقت کا کھانا نہیں کھاتے تھے۔ماہرین کا کہنا ہے والدین کو اس بات پر لازمی نظرِثانی کرنی چاہیے کہ ان کے بچے کتنا وقت سوشل میڈیا استعمال کر کے گزار رہے ہیں، اگر بچے سوشل میڈیا یا موبائل کو زیادہ وقت دے رہے ہیں تو فوری طور پر اس بری لت سے بچوں کی جان چھڑائی جائے ورنہ یہ آگے چل کر خود والدین کے لیے بھی مسائل کا سبب بن سکتے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

ڈائری لکھنے سے ذہنی و مدافعتی صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟

لندن:کمپیوٹرائزڈ اور اسمارٹ موبائل فون کے دور میں اب اگرچہ ڈائریز لکھنے کا رجحان کم …