ہفتہ , 20 اپریل 2024

سام سنگ کا 2 نئے سستے فلیگ شپ فونز کے ساتھ 2020 کا آغاز

سام سنگ اپنے 2 سستے فلیگ شپ فونز ‘گلیکسی ایس 10 لائٹ’ اور ‘نوٹ 10 لائٹ’ سے 2020 کا آغاز کرنے کے لیے تیار ہے۔کوریا ہیرالڈ کی رپورٹ کے مطابق دونوں فونز کے حوالے سے افواہیں کئی ماہ سے سامنے آرہی تھیں اور اب یہ جنوری کے پہلے عشرے میں متعارف کرائے جارہے ہیں۔لاس ویگاس میں شیڈول سال کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی نمائش سی ای ایس کے دوران ان دونوں فونز کو پیش کیا جائے گا۔

اس سے قبل ون فیوچر کی ایک رپورٹ میں ایس 10 لائٹ کے مختلف فیچرز بتائے گئے تھے جن کے مطابق یہ فون 6.7 انچ کے سپرامولیڈ ڈسپلے سے لیس ہوگا جس میں ہول پنچ ڈیزائن میں 32 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق اس میں طاقتور اسنیپ ڈراگون 855 پراسیسر، 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج دی جائے گی، جس کو مائیکرو ایس ڈی کارڈ کی مدد سے ایک ٹی بی تک بڑھانا ممکن ہوگا۔

اس کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ ہوگا جس میں مین کیمرا 48 میگا پکسل کا ہوگا جبکہ 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ لینس اور 5 میگا پکسل میکرو لینس دیا جائے گا۔فیچرز کے لحاظ سے درحقیقت یہ کافی حد تک اسٹینڈرڈ گلیکسی ایس 10 کے برابر ہی ہے جس کی قیمت 753 ڈالرز (ایک لاکھ 16 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) ہوسکتی ہے۔اس کے مقابلے میں نوٹ 10 لائٹ میں 6.7 انچ کا سپرامولیڈ ڈسپلے دیا جائے گا جبکہ کمپنی کا اپنا ایکسینوس 9810 پراسیسر، 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج ہوگی جس میں ایس ڈی کارڈ سے 512 جی بی تک اضافہ کیا جاسکے گا۔

فون میں ہیڈفون جیک بھی دیا جارہا ہے جبکہ بیک پر 12، بارہ میگا پکسل کے 3 کیمرے ہوں گے۔فرنٹ پر ایس 10 لائٹ کی طرح 32 میگا پکسل ہول پنچ ڈیزائن میں چھپا ہوگا اور اس کی قیمت 674 ڈالرز (ایک لاکھ 4 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھے جانے کا امکان ہے۔

یہ بھی دیکھیں

اسرائیل دنیا کی ہمدردیاں کھو چکا ہے: امریکی عہدیدار

واشنگٹن:امریکی سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مارک وارنر نے کہا کہ یہ …