جمعہ , 19 اپریل 2024

قومی ویمن فٹبال چیمپئن شپ: آرمی اور کراچی فائنل میں پہنچ گئیں

کراچی میں جاری بارہویں قومی ویمن فٹبال چیمپئن شپ میں دفاعی چیمپئن پاکستان آرمی اور کراچی یونائٹیڈ کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئیں۔

کراچی یونائٹیڈ فٹبال گراؤنڈ میں جمعہ کو پہلے سیمی فائنل میں ہوم ٹیم کراچی یونائٹیڈ نے پنجاب کو دو ۔ صفر سے اپ سیٹ شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے ہاف میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہنے کے بعد دوسرے ہاف میں کراچی یونائٹیڈ نے دونوں گول اسکور کرکے کامیابی سمیٹی۔

63 ویں منٹ میں علیحہ نے گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی ۔ دس منٹ بعد نینا ظہری نے ایک اور گول کرکے مقابلہ کراچی یونائٹیڈ کے حق میں دو ۔ صفر کردیا اور اس اسکور پر ہی میچ کا اختتام ہوا ۔

دوسرا سیمی فائنل

دوسرے سیمی فائنل میں واپڈا اور دفاعی چیمپئن آرمی کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا ۔

ہاجرہ نے اٹھارویں منٹ میں گول کرکے آرمی کو برتری دلادی لیکن پہلا ہاف ختم ہونے سے قبل عالیہ نے گول کرکے مقابلہ ایک ۔ ایک کردیا ۔ اس کے بعد دونوں ٹیمیں مقررہ اور اضافی وقت میں کوئی گول نہ کرسکیں ۔

میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لیے پنالٹی شوٹس کا سہارا لیا گیا جس میں خدیجہ نے آرمی اور سحرزمان نے پہلی پہلی شوٹس گول میں بدل دیں۔ دوسری شوٹ پر کوئی بھی گول نہ کرسکا۔

تیسری شوٹ میں واپڈا کی گول کیپر ماہپارا نے آرمی کی ہاجرہ کی شوٹ کو بلاک کردیا ۔ لیکن واپڈا بھی ایڈوانٹج حاصل کرنے میں ناکام رہا۔

چوتھی باری میں بھی دونوں ٹیمیں گول کرنے سے محروم رہیں ۔

پانچویں شوٹ میں آرمی کی ملکہ نور نے گول کردیا مگر واپڈا کی کھلاڑی گول کرنے میں ناکام رہیں یوں آرمی نے یہ میچ جیت کر فائنل میں جگہ بنالی۔

اتوار کو فائنل میں آرمی اور کراچی یونائٹیڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

یہ بھی دیکھیں

بنگلا دیشی حکمراں جماعت عوامی لیگ کی شکیب الحسن کے الیکشن لڑنے کی تصدیق

ڈھاکہ:بنگلا دیش کی حکمراں جماعت عوامی لیگ نے کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن کے …