جمعرات , 25 اپریل 2024

آئی جی سندھ کی تبدیلی: وزیراعظم نے گورنر سندھ کو اسلام آباد طلب کرلیا

انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سندھ کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو مشاورت کے لیے اسلام آباد طلب کرلیا۔صوبہ سندھ کی کابینہ نے آئی جی کلیم امام کو عہدے سے ہٹانے کی منظوری دی ہے جس کے ساتھ ہی وفاق کو نئے آئی جی کے لیے 3 نام بھیجے جائیں گے۔اس معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے اور ان سے مشورہ کیا ہے۔وزیراعظم نے گورنر سندھ کو آئی جی کے معاملے پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا بھی ٹاسک دیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گورنر عمران اسماعیل کو اسلام آباد طلب کرلیا ہے جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ میں اہم تبدیلیوں کا امکان ہے۔ذرائع نے بتایا کہ گورنر سندھ اور وزیراعظم کے درمیان اہم ملاقات کل ہوگی۔یاد رہے کہ صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی کا آئی جی سندھ کلیم امام کے خلاف چارج شیٹ پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جب سے آئی جی سندھ کلیم امام آئے ہیں اس وقت سے اسٹریٹ کرائم بڑھ گئے ہیں، بہت سارے اضلاع خاص طور پر کراچی میں امن وامان کی صورتحال بھی خراب ہوئی۔خیال رہے کہ حکومت سندھ اور وفاق میں متعدد بار آئی جی سندھ اور پولیس کے معاملات پر ٹھن چکی ہے اور ایک دوسرے کے خلاف تندوتیز بیانات بھی دیے جاچکے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …