بدھ , 24 اپریل 2024

آسٹریلوی جنگلات میں آگ: امدادی فنڈ اکھٹا کرنے ٹینس اسٹارز میدان میں آگئے

آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی آگ کے حوالے سے امدادی کاموں کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے کے لیے ٹینس اسٹارز بھی میدان میں آگئے۔آسٹریلیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے متاثرہ افراد اور دیگر امدادی کاموں کے لیے فنڈز جمع کرنےکےلیے میلبورن میں نمائشی میچ کا انعقادکیا گیا۔نمائشی میچ میں موجودہ دور کے مینز اور ویمن ٹینس اسٹارز ایک چھت تلے جمع ہوئے جن میں راجر فیڈرر، رافیل نڈال، نوواک جوکووچ ،سیرینا ولیمز اور کیرولین ووزنیاکی سمیت دیگر معروف کھلاڑی شامل تھے۔جب کہ روسی ٹینس اسٹار ماریہ شراپوا نے طبیعت کی خرابی کے باعث میچ ادھوراچھوڑدیا۔

اس موقع پر اسٹیڈیم میں شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی جو اسٹار کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والے نمائشی مقابلے سے خوب لطف اندوز ہوئی۔

ماریہ شراپوا کی طبیعت خراب
دوسری جانب جنگلات میں لگی آگ کے باعث فضا خطرناک حد تک آلودہ ہوگئی ہے جسےانسانی صحت کے لیے مضر قرار دیا جا رہا ہے ۔آگ نے آسٹریلین اوپن میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو پریشان کردیا ہے اور پہلے گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ اور ٹریننگ کے دوران چندکھلاڑیوں کی طبیعت بھی خراب ہو گئی۔آلودہ فضا اور دھوئیں کے باعث کھلاڑی کورٹ پر گربھی پڑے ، متاثرہ کھلاڑی ڈالیلا کا کہنا ہے کہ ان کا سانس لینا دشوار ہو گیا تھا جبکہ ٹینس اسٹار ماریہ شراپوا نے اپنا نمائشی میچ ادھورا چھوڑ دیا۔

آلودہ ماحول کےباعث آسٹریلین اوپن ٹورنامنٹ کاانعقادخطرےمیں

اس صورتحال میں بعض حلقوں اور کھلاڑیوں کی جانب سے آسٹر یلین اوپن کو ملتوی کرنے کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے جبکہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صورت حال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔ خیال رہے کہ  20 جنوری سے شروع ہونے والے آسٹریلین اوپن کے کوالیفائنگ راؤنڈ اور ٹریننگ کا سلسلہ جاری ہے تاہم اکثر کھلاڑی آلودہ ماحول کی وجہ سے مشکل میں ہیں۔آسٹریلیا کے جنگلات میں گذشتہ سال ستمبر سے لگی آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا ہے اور آگ مزید پھیلتی جارہی ہے۔  آسٹریلوی وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے جنگلات کی آگ میں اب تک 27 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے جب کہ 2 ہزار گھروں کی تباہی سمیت کروڑوں جانور ہلاک اور بڑے پیمانے پر زرعی اراضی بھی متاثر ہوئی ہے۔سڈنی یونیوسٹی کے ماہرین کے مطابق آگ کے باعث ہلاک یا زخمی ہونے والے جانوروں کی تعداد ایک ارب تک ہے،ماہرین کا خیال ہے کہ جانوروں کی متعدد انواع اس آگ کے باعث صفحہ ہستی سے مٹ گئی ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

ترک صدر اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیدیا

انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیا ہے۔ترکی …