جمعرات , 25 اپریل 2024

شوگران میں ہیلی اسکی مہم کا اختتام، غیر ملکی اہم شخصیات کی شرکت

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) اور ‘ایفی نٹی’ کے باہمی اشتراک سے شوگران میں ایک ہفتے پر محیط ‘ہیلی اسکی’ مہم کا اختتام ہوگیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی اعلیٰ سطح کی اہم شخصیات سمیت 60 غیر ملکی اسکیئرز نے اس مہم میں حصہ لیا، جس کا مقصد سیاحت کو فروغ دینا اور پاکستان کے برف سے ڈھکے پہاڑوں میں ایڈونچر اسپورٹس کے مواقع سامنے لانا تھا۔برطانوی شاہی خاندان کی رکن اور یارک کی شہزادی بیٹریس اور دیگر ممتاز یورپی رہنما بھی اسکیئرز کے گروپ کا حصہ تھے جن میں اسپین کے سابق وزیر اعظم جوز ماریا آزنار اور اٹلی کے سابق وزیر اعظم میٹیو رینزی بھی شامل تھے۔

آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہیلی اسکی مہم میں ارجنٹائن، آسٹریلیا، افغانستان، برازیل، کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، یونان، اسپین، سوئٹزرلینڈ، برطانیہ اور امریکا سے خواتین اور مرد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔قبل ازیں ان کھلاڑیوں کی آمد پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باوجوہ سے ان کی وفد کی صورت میں ملاقات ہوئی۔مہم میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں نے آئی ایس پی آر ڈائریکٹوریٹ کا دورہ بھی کیا جہاں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے انہیں پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف کامیاب کوششوں کے نتیجے میں کھیلوں اور سیاحت کے لیے سیکیورٹی کی صورتحال میں بہتری کے بارے میں آگاہ کیا۔

 

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …