ہفتہ , 20 اپریل 2024

ایران نے غزہ میں اسرائیلی دہشتگردی کی مذمت کی

ایران کے محکمہ خارجہ کے ترجمان نے غزہ کی پٹی میں نہتے عوام اور مزاحمتی فرنٹ کے خلاف غاصب صہیونی فوج کے دہشتگردانہ حملوں کی سختی سے مذمت کی ہے۔اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے صہیونی فوجیوں کی جانب سے ایک فلسطینی نوجوان کے جسد خاکی کی توہین اور بے حرمتی کو صہیونیوں کے سفاکانہ اور غیر انسانی اقدامات کی علامت قراردیا۔

سید عباس موسوی نے کہا کہ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ نہتے فلسطینی عوام کے کم سے کم انسانی اور اخلاقی حقوق پر بھی عمل پیرا نہیں ہیں۔ انہوں نے عالمی عدالت انصاف میں ناجائز صہیونی حکومت کی جارحیت کے خلاف اقدام کرنے اور اس قسم کے سنگین جرائم کرنے والوں کو سزا دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے غاصب صہیونی حکومت کیخلاف فلسطینی عوام کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے مزاحمت اور قومی یکجہتی کو اسرائیل کا مقابلہ کرنے کا واحد راستہ قراردیا۔سید عباس موسوی نے ناجائز صہیونی حکومت کے مسلسل سنگین جرائم کے سامنے بین الاقوامی برادری اور بعض ہمسایہ ممالک کی لاپرواہی اور خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا۔

یہ بھی دیکھیں

ترک صدر اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیدیا

انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیا ہے۔ترکی …