جمعرات , 18 اپریل 2024

اردو برطانیہ میں سب سے زیادہ بولی جانے والی زبانوں میں چوتھے نمبر پر ہے، نفیس زکریا

لندن : برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر نفیس زکریا نے مانچسٹریونیورسٹی میں اردو سٹڈیز کیلئے مالی امداد فراہم کرنےکا اعلان کیا انھوں نے کہا کہ اردو برطانیہ میں سب سے زیادہ بولی جانے والی زبانوں میں چوتھے نمبر پر ہے ،مانچسٹر میں بڑی تعداد میں اردو بولنے والے رہتے ہیں اس مالی تعاون سے منتخب سرکاری ملازمین کومانچسٹر یونیورسٹی میں اردو کی تعلیم حاصل کرنے کاموقع ملے گا اور اس طرح وہ اردو بولنے والی کمیونٹی کے ساتھ کمیونٹی تعلقات میں اضافہ اور عوامی مفاد کے کاموں میں تعاون کرسکیں گے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان ہائی کمیشن برطانیہ میں اردو کے فروغ کیلئے یونیورسٹی کے ساتھ ہمیشہ تعاون کرتا رہے گا۔انھوں نے یہ اعلان گزشتہ روز مانچسٹر میں شمالی یورپ کے پاکستانی معالجین کی ایسوسی ایشن کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر عامر برنی اوردیگر عہدیداروں نے ہائی کمشنر کااستقبال کیا۔ نفیس زکریا نے اپنی تقریر میں برطانیہمیں پاکستان سے تعلق رکھنے والےڈاکٹروں اورمعالجین کی نمایاں خدمات کی تعریف کی۔

انھوں نے مانچسٹر اوراس کے گردونواح میں رہنے والے پاکستانی کمیونٹی کے لوگوں سے ملاقاتیں کیں اور کہا کہ برطانیہ میں موجود 1.5 ملین پاکستانی دونوں ملکوں کے درمیان پل کاکردار ادا کررہے ہیں۔انھوں نے برطانیہ اور دنیا کے دیگر ممالک میں پاکستان کی حقیقی شبیہہ اجاگر کرنے میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کی تعریف کی۔پاکستان کی صورت حال کاذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بہتر ہورہی ہے جس کااعتراف عالمی مالیاتی اداروں اور باوثوق جرائد نے بھی کیاہے اس کے ساتھ ہی سیاحت اوردیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ہورہاہے انھوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی رجحان ایشیا کی جانب مائل ہے جس کے بعد پاکستان اپنے اہم جغرافیائی محل وقوع پاک چین سی پیک منصوبے کی وجہ سے علاقائی اقتصادی محور بن رہا ہے جس کی وجہ سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ ہورہاہے۔انھوں برطانیہ میں سیلاب متاثرین کیلئے پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے مدد کا ذکر کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کی تعریف کی،اس موقع پر انھوں نے 5اگست کے بعد سے بھارتی فوجیوں کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے مسلسل محاصرے کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر کے8 ملین عوام کی حالت زار پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے کہا کہ دنیا کو درپیش دیگر چیلنجز کے ساتھ ہی ہمیں ان مظلوم کشمیریوں کے ساتھ بھارتی حکومت کے غیر انسانی سلوک اور اس کی وجہ سے خطے میں پیدا ہونے والے انسانی بحران کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے۔ ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر عامر برنی نے شرکا کو ایسوسی ایشن کے قیام کے اغراض و مقاصد بتاتے ہوئے کہا کہ اس کے قیام کا بنیادی مقصد ڈاکٹروں اور معالجین کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا جہاں وہ منظم اور مربوط انداز میں اپنا کام کرسکیں، انھوں نے ایسوسی ایشن کی رہنمائی اورتعاون پر پاکستانی ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …