جمعہ , 19 اپریل 2024

چاروں صوبوں میں کورونا کے مزید 55 کیسز، ملک میں متاثرین کی تعداد 237 ہوگئی

ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے صوبہ سندھ میں مزید 22، پنجاب میں 26 اور بلوچستان میں مزید 6 کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 237 ہوگئی۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ٹوئٹ میں صوبے میں اب تک کورونا وائرس کے 26 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی۔ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم تمام مشتبہ مریضوں، ڈیرہ غازی خان کے قرنطینہ میں موجود 736 زائرین اور تفتان سے آنے والے مزید ایک ہزار 276 زائرین کے ٹیسٹ کریں گے۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں 8 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کی تھی اور بتایا کہ ان افراد کو بہتر علاج فراہم کیا جارہا ہے۔اس سے قبل پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے لاہور میں پریس کانفرنس میں 6 افراد میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی تھی۔انہوں نے کہا تھا کہ پہلے فیز میں ایران سے پنجاب پہنچنے والے 42 زائرین کے ٹیسٹ کیے گئے تھے جس میں 5 مثبت آئے۔علاوہ ازیں سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 22 کیسز کی تصدیق ہوگئی۔اس حوالے سے محکمہ صحت سندھ کی میڈیا کوآرڈینیٹر میران یوسف نے بتایا کہ صوبے میں کوروناوائرس کیسز کی تعداد 172 تک پہنچ گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ متاثرین میں 134 افراد کو وہیں جو تفتان سے سکھر آئے جبکہ 37 کیس کراچی اور ایک حیدرآباد میں ہے۔ساتھ ہی سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بھی ٹوئٹ میں بتایا کہ صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 172 تک پہنچ گئی ہے جن میں سے 2 صحتیاب ہوچکے ہیں۔اس سے قبل یہ بتایا گیا تھا کہ 17 مارچ کی صبح 5 مزید کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 155 تک پہنچ گئی تھی جبکہ ملک میں مجموعی طور پر 193 لوگ وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔اس حوالے سے سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے ایک ٹوئٹ کی اور بتایا کہ 17 مارچ کو صبح 11 بجے تک سندھ میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 155 ہوگئی ہے۔انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں سندھ کی تعداد کو 36 لکھا جس میں سے 2 صحت یاب جبکہ 34 زیر علاج بتائے گئے جبکہ سکھر آنے والے زائرین کے ٹیسٹ کا انہوں نے الگ سے بتایا۔مرتضیٰ وہاب نے لکھا کہ سکھر آنے والے زائرین میں سے 234 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جس میں 115 منفی اور 119 مثبت آئے ہیں، جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 155 ہوگئی۔

بلوچستان میں مزید 6 کیسز کی تصدیق
بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کہا کہ کوئٹہ میں کورونا وائرس کے مزید 6 کیس سامنے آگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 16 ہوگئی ہے اور متاثرہ افراد شیخ زید ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں زیر علاج ہیں۔

خیبر پختونخوا میں ایک اور کیس سامنے آگیا
خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔صوبائی وزیر صحت تیمور خان جھگڑا نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ‘ایبٹ آباد سے ایک مثبت کیس کی خبر ملی ہے اور متاثرہ شخص برطانیہ سے پاکستان آیا تھا۔’انہوں نے کہا کہ ‘متاثرہ شخص میں وائرس کی کوئی علامت نہیں پائی گئی تھی اس لیے وہ گھر میں قرنطینہ میں تھے۔’

 

 

 

 

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …