ہفتہ , 20 اپریل 2024

وزیراعلیٰ پنجاب اور کابینہ اراکین کا ایک ماہ کی تنخواہ کورونا فنڈز میں دینے کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی اور اپنے کابینہ اراکین کی ایک ماہ کی تنخواہ کورونا بچاؤ فنڈز میں دینے کا اعلان کردیا۔لاہور میں صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے سب سے پہلے کورونا کا علاج کرنے کے دوران فوت ہونے والے ڈاکٹر اسامہ کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ کابینہ نے محکمہ صحت کو جاری کیے گئے 11 ارب روپے کی منظوری دی جس میں پی ڈی ایم اے کو 2 ارب جبکہ ضلع حکومتوں کو 60 کروڑ روپے اور بلوچستان حکومت کو دیے جانے والے ایک ارب روپے کی توثیق شامل ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ صحت کو کہا گیا ہے کہ ذاتی تحفظ کے آلات کی خریداری فوری طور پر مکمل کی جائے جبکہ 8 لیبارٹریز کو فعال کیا جائے، اس سلسلے میں 62 کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کردیے گئے ہیں۔بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ میں غور کیا گیا کہ اس مرتبہ زکوٰۃ کی کٹوتی جلد کردی جائے، اس سلسلے میں وفاقی کابینہ کو تجویز دی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ تمام اضلاع میں بیت المال فنڈز ریلیز کیے جارہے ہیں۔اسکولز کی تعطیلات سے متعلق انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے اور نجی اسکولز کی فیسز کے معاملے پر ایک کمیٹی بنائی ہے جو ایک ہفتے میں رپورٹ دے گی۔پنجاب کے وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ کابینہ نے صوبے میں 10ہزار ڈاکٹرز و پیرامیڈکس کی بھرتی کی منظوری دے دی ہے، اس میں ریٹائرڈ ڈاکٹر بھی شامل ہے۔بلدیاتی انتخابات سے متعلق انہوں نے کہا کہ ہم ایک آرڈیننس لارہے ہیں جس کے تحت ان انتخابات کو 9 ماہ کے لیے ملتوی کررہے ہیں۔ساتھ ہی وزیراعلیٰ نے بتایا کہ انہوں نے اور ان کی کابینہ نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ کورونا بچاؤ فنڈ کے لیے مختص کردی ہے۔

خیال رہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت سامنے آچکی ہے جبکہ صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 265 تک جا پہنچی ہے۔صوبے میں بڑھتے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پنجاب میں جزوی لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا جس کا آغاز آج سے ہوگیا۔اس لاک ڈاؤن میں 14 روز کے لیے صوبے کے بازار، شاپنگ مالز، نجی و سرکاری ادارے، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس، پارکس، سیاحتی مقامات بند رہیں گے جبکہ ڈبل سواری پر بھہ پابندی ہوگی۔

 

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …