ہفتہ , 8 مئی 2021

پاکستان میں کورونا سے 8 ہلاکتیں، کیسز کی مجموعی تعداد 1100 سے بھی تجاوز کرگئی

اموات

مصدقہ کیسز

صوبہ /علاقہ

01 417 سندھ
02 323 پنجاب
03 121 خیبرپختونخوا
01 131 بلوچستان
01 84 گلگت بلتستان
01 آزاد کشمیر
25 اسلام آباد
8 1102 کل تعداد

پاکستان میں مجموعی کیسز کی تعداد 1102 تک جا پہنچی ہے جب کہ 8 افراد وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔پاکستان میں کورونا وائرس سے چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان میں بھی ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔بدھ کے روز پاکستان میں کورونا وائرس سے آٹھویں ہلاکت ہوئی جہاں راولپنڈی میں زیر علاج خاتون انتقال کرگئیں، خاتون بیرون ملک سے وطن واپس آئی تھیں اور 21 مارچ سے زیر علاج تھیں۔خاتون کے انتقال سے پنجاب میں کورونا سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد 2 ہوگئی ہے جب کہ اس سے قبل خیبرپختونخوا میں 3، بلوچستان، گلگت بلتستان اور سندھ میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔پاکستان میں مہلک وائرس سے اب تک 22 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 6 کا گلگت بلتستان اور 2 کا تعلق اسلام آباد سے ہے۔

ملک میں کورونا کی آج کی صورتحال

آج بروز جمعرات پاکستان میں کورونا کے اب تک 25کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے بلوچستان میں 12، اسلام آباد میں 9 اور سندھ میں 4 کیسز رپورٹ ہوئے۔

اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مزید 9 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں تاہم ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ان کیسز کی کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔

سرکاری پورٹل پر 9 کیسز میں اضافے کے بعد اسلام آباد میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 25 ہوگئی ہے۔

بلوچستان
جیونیوز کے مطابق صوبائی محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ بلوچستان میں کورونا وائرس کے مزید 12 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مصدقہ کیسز کی تعداد 131 ہوگئی ہے جب کہ سرکاری پورٹل پر بھی مجموعی کیسز کی یہی تعداد بتائی گئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق کورونا وائرس سے متعلق کیے گئے 165 ٹیسٹ کے نتائج آنا باقی ہیں۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں بھی کورونا وائرس سے ایک شخص جاں ہوچکا ہے۔

سندھ
آج سندھ میں اب تک 4 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں تاہم صوبائی حکومت کے ترجمان کی جانب سےان کیسز کی تصدیق نہیں کی گئی۔

سندھ میں 4 نئے کیسز کے بعد صوبے میں کورونا کےمجموعی کیسز کی تعداد 417 ہوگئی ہے۔

سندھ میں 14 افراد مہلک وائرس سے صحتیاب ہوئے ہیں جن میں سے 13 کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدرآباد سے ہے جب کہ ایک مریض انتقال کرچکا ہے۔

پنجاب
بدھ کے روز ملک کے سب سے بڑی آبادی والے صوبے میں کورونا وائرس سے دوسری ہلاکت ہوئی۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے مطابق کورونا وائرس میں مبتلا ایک خاتون مریض انتقال کرگئیں،خاتون 21 مارچ سے زیرعلاج تھیں اور بیرون ملک سے وطن واپس آئی تھیں۔

پنڈی میں خاتون کی ہلاکت کے بعد ملک میں اب تک مہلک وائرس 8 افراد کی زندگیاں نگل چکا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی لاہور کے میو اسپتال میں ایک مریض انتقال کرگیا تھا۔

دوسری جانب صوبے میں بدھ کو 27 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 323 ہوگئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں تفتان سے لائے گئے زائرین میں 176، ملتان قرنطینہ میں 4، لاہور میں 80، گجرات میں 21، جہلم میں 19، گوجرانوالہ میں 8، راولپنڈی 4، ملتان اور فیصل آباد 3، 3 جبکہ منڈی بہاؤ الدین، سرگودھا، رحیم یار خان، اٹک اور نارووال میں ایک ایک شخص میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

خیبرپختونخوا
خیبر پختونخوا میں بدھ کو کورونا وائرس کے 43 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 121 ہوگئی ہے۔

گزشتہ روز خیبرپختونخوا کی تحصیل منگا میں 39 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد تحصیل میں کرفیو نافذ کرکے فوج تعینات کردی گئی ہے۔

صوبائی وزیر صحت کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے پہلے مریض کا تعلق یونین کونسل منگا سے تھا۔

خیال رہے کہ صوبے میں اب تک 3 مریض انتقال کرچکے ہیں۔

گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں بدھ کے روز کورونا وائرس کے 4 کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد علاقے میں مجموعی تعداد 84 ہوگئی ہے۔

مشیر اطلاعات شمس میر کے مطابق 4 نئے کیسز میں 3 مریضوں کا تعلق اسکردو سے ہے جبکہ گلگت میں مزید 2 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جس کے بعد صحتیاب مریضوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ خود بھی اسی مہلک وبا سے انتقال کرچکے ہیں۔

آزاد کشمیر
آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کا اب تک ایک ہی کیس رپورٹ ہوا ہےجب کہ ریاست میں حکومت نے شہریوں سے احتیاط کرنے کی اپیل کی ہے۔

یہ بھی دیکھیں

ایران و چین معاہدے پر امریکہ چراغ پا

امریکی صدر نے ایران اور چین کے 25 سالہ معاہدے پر سخت تشویش کا اظہار …