ہفتہ , 20 اپریل 2024

اسپین میں بھی کورونا وائرس سے ہلاکتیں چین سے زیادہ ہوگئيں

کرونا وائرس کا آغازچین سے ہوا ، لیکن اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی سب سے زیادہ تعداد اب اٹلی اور اسپین میں ہے۔ مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ کرونا وائرس کا آغازچین سے ہوا ، لیکن اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی سب سے زیادہ تعداد اب اٹلی اور اسپین میں ہے۔ اطلاعات کے مطابق اٹلی کے بعد اب اسپین میں بھی چین سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ چین میں دسمبر 2019 سے 25 مارچ تک اس مہلک وائرس سے 3 ہزار 163 مریض ہلاک ہوئے جب کہ متاثرین کی تعداد 81 ہزار 661 ہے اور 98 فیصد لوگ صحت یاب ہوئے تھے۔

اٹلی میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں چین کے مقابلے میں دگنی ہوگئی ہیں۔ 25 مارچ تک اٹلی میں اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں تعداد 6 ہزار 820 تک جا پہنچی ہے جب کہ وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 69 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے اور حالات قابو سے باہر ہیں۔ اٹلی کے بعد یورپ کے ایک اور ملک اسپین میں بھی کورونا وائرس نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے اور تاحال اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 3 ہزار 434 ہوگئی ہے جو کہ کورونا وائرس کے مرکز چین سے بھی زیادہ ہے۔ اسپیں میں گذشتہ 24 گھنٹے میں 738 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ چین، اٹلی اور اسپین کے بعد کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ایران ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 77 ہوگئی ہے۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد تقریباً 19 ہزار ہوگئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 4 لاکھ 35 ہزار اوپر ہے۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …