ہفتہ , 20 اپریل 2024

لاہور: جناح اسپتال سے کرونا کی تصدیق شدہ مریضہ کے فرار ہونے کا معاملہ حل ہو گیا ہے، مریضہ لاہور کے سروسز اسپتال سے مل گئی۔اے آر وائی نیوز کے مطابق 2 روز قبل لاہور کے جناح اسپتال سے فرار ہونے والی 24 سالہ کرونا وائرس کی مریضہ ثمن سروسز اسپتال سے مل گئی ہے، خاندانی ذرایع نے بتایا ہے کہ مریضہ جناح اسپتال میں علاج سے مطمئن نہیں تھی، اسپتال انتظامیہ نے غفلت چھپانے کے لیے فرار کا الزام لگایا۔مریضہ نے نجی لیب سے کرونا کا ٹیسٹ کرایا تھا جو مثبت آ گیا تھا، سروسز اسپتال کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ مذکورہ مریضہ گزشتہ روز اسپتال میں علاج کے لیےآئی تھی، اب مریضہ کے دوبارہ سرکاری کرونا ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں، جب کہ مریضہ کو سروسز اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

خیال رہے کہ مذکورہ مریضہ لاہور کے جناح اسپتال کے ہائی ڈپنڈینسی یونٹ میں داخل تھی، جب وہ بغیر بتائے اسپتال سے چلی گئی تو اسپتال انتظامیہ نے پولیس کو رپورٹ کرتے ہوئے مریضہ کے تمام کوائف فراہم کر دیے۔ مریضہ کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ گلشن راوی کے علاقے کی رہایشی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا کو شکست دینے والوں کی تعداد 21 ہو گئی ہے جب کہ ملک بھر میں 1102 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جب کہ 8 افراد وائرس کا شکار ہو کر جاں بحق ہو چکے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں سب سے زیادہ 417 افراد وبا سے متاثر ہیں، پنجاب میں 323، بلوچستان میں117، گلگت بلتستان میں 84، خیبر پختون خوا میں 121، اسلام آباد میں 25 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔

 

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …