جمعہ , 19 اپریل 2024

ایک لاکھ این95 ماسک بجھوانے پر سندھ حکومت کا شکریہ، وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے چینی امداد میں سے ایک لاکھ این 95 ماسک پنجاب بھجوانے پر وزیراعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ٹیلی فون کیا اور چینی امداد میں سے ایک لاکھ این 95 ماسک پنجاب بھجوانے پر وزیراعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کیا۔سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت آپ کے اس اقدام کو تحسین کی نظر سے دیکھتی ہے، آزمائش کی گھڑی میں ہم سب کو ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہمارا اتحاد اور عزم اس موذی مرض کو شکست دےگا، عوام کے تعاون سے کرونا کے چیلنج سے کامیابی سے نمٹیں گے۔

کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے گزشتہ روز چین سے خصوصی کارگو طیارہ ماسک اور حفاظتی سامان لے کر کراچی پہنچا تھا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے چین سے آئے این 95 ماسک کی کھیپ وصول کی تھی۔واضح رہے کہ پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور متاثر افراد کی تعداد 1106 تک جا پہنچی ہے ، سب سے زیادہ کیسز صوبہ سندھ میں رپورٹ ہوئے جبکہ وائرس سے اب تک 8 افراد جاں بحق اور 21 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

 

 

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …