پیر , 10 مئی 2021

پنجاب میں 2 ڈاکٹرز میں کورونا کی تشخیص، ملک میں متاثرین 1238 ہوگئے

پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ رک نہ سکا اور جمعہ کو بھی مزید کیسز سامنے آنے سے ملک میں مجموعی تعداد 1200 سے بڑھ گئی ہے۔ملک میں اس مہلک وائرس کے کیسز کو آئے ہوئے ایک مہینہ سے زیادہ ہوچکا ہے اور اس عرصے میں 9 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔اگر اعداد و شمار کے حساب سے دیکھیں تو سب سے زیادہ سندھ اس سے متاثر ہوا تاہم پنجاب میں تیزی سے کیسز میں اضافے کے بعد دونوں صوبوں کے کیسز کی تعداد میں زیادہ فرق نہیں۔جمعہ کو سامنے آنے والے کیسز کے بعد ملک میں اب تک متاثرین کی تعداد 1238 ہوچکی ہے۔

پنجاب
صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 11 کیسز سامنے آنے سے تعداد 419 تک پہنچ چکی ہے۔صوبائی محکمہ صحت کے ترجمان قیصر آصف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کورونا کے 419 مصدقہ کیسز ہیں، جس میں 207 ڈیرہ غازی خان اور 19 ملتان سے ہیں جو زائرین ہیں۔ترجمان کے مطابق اس کے علاوہ لاہور میں 104 افراد اس وائرس سے متاثرہ ہوچکے ہیں جبکہ باقی افراد صوبے کے دیگر علاقوں سے ہیں۔ساتھ ہی محکمہ صحت کے ترجمان نے یہ بھی تصدیق کی کہ ڈیرہ غازی خان میں قرنطینہ کیے گئے 2 ڈاکٹروں سمیت 5 افراد میں وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا۔انہوں نے کہا کہ تمام مصدقہ مریض آئیسولیشن وارڈز میں داخل ہیں، جنہیں طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

خیبرپختونخوا
ادھر خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے مزید 24 کیسز سامنے آگئے۔اس حوالے سے صوبائی وزارت صحت کے عہدیدار زین رضا کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں 24 نئے کیسز سے متاثرین کی تعداد 147 تک پہنچ چکی ہے۔

اسلام آباد
علاوہ ازیں سرکاری ویب سائٹ کے اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں 2 نئے کیس سامنے آئے۔ان 2 کیسز کے سامنے آنے کے بعد وفاقی دارالحکومت میں متاثرین کی تعداد 27 ہوگئی۔

گلگت بلتستان
علاوہ ازیں گلگت بلتستان میں وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث مزید 7 کیسز رپورٹ ہوئے۔ان 7 نئے کیسز کے بعد علاقے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 91 ہوگئی ہیں۔

آزاد کشمیر
سرکاری سطح پر یہ بھی بتایا گیا کہ آزاد کشمیر میں بھی ایک کیس سامنے آیا، جس کے بعد وہاں تعداد 2 ہوگئی۔مجموعی طور پر ملک کے مختلف صوبوں کے کیسز کی بات کریں تو سندھ میں 421، پنجاب میں 421، بلوچستان میں 131 اور خیبرپختونخوا میں 147 کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ 23 افراد اس وائرس سے صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔دریں اثنا ملک میں اس وائرس سے اموات کو دیکھیں تو خیبرپختونخوا میں 3، پنجاب میں 3، سندھ میں ایک، بلوچستان میں ایک اور گلگت بلتستان میں ایک فرد انتقال کرچکا ہے۔

پاکستان میں 9 اموات

پاکستان میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاک 18 مارچ کو سامنے آئی جبکہ اسی روز دوسری موت کی بھی تصدیق کردی گئی۔18 مارچ کو خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمو جھگڑا نے مردان میں پہلے شخص کے کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرجانے کے بارے میں آگاہ کیا۔بعد ازاں کچھ ہی دیر میں انہوں نے ہنگو میں دوسرے فرد کی موت کی تصدیق کی۔20 مارچ کو ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں وائرس سے ایک مریض کا انتقال ہوا تو اس طرح تعداد 3 تک جا پہنچی۔

 

 

یہ بھی دیکھیں

ایران و چین معاہدے پر امریکہ چراغ پا

امریکی صدر نے ایران اور چین کے 25 سالہ معاہدے پر سخت تشویش کا اظہار …