بدھ , 24 اپریل 2024

اسرائیل نے کرونا وائرس کے خلاف ’جنگ‘ کے لیے جوہری بنکر کھول دیا!

اسرائیلی حکومت نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اقدامات کے تحت مقبوضہ بیت المقدس کے نزدیک پہاڑیوں میں واقع ایک جنگی بنکر کو کھول دیا ہے۔اس بنکر کا نام ’’نیشنل مینجمنٹ سنٹر‘‘ ہے اور یہ کوئی ایک عشرہ قبل تعمیر کیا گیا تھا۔یہ ایران کے جوہری پروگرام اور اس کی جانب سے لبنان کی حزب اللہ ملیشیا اور فلسطینی تنظیم حماس کو مبیّنہ طور پر میزائل مہیا کرنے کے خطرے سے نمٹنے کے لیے تعمیر کیا گیا تھا۔اسرائیل کو یہ خطرہ لاحق رہا ہے کہ ایران اور اس کی آلہ کار تنظیمیں ان ہتھیاروں سے حملہ آور ہوسکتی ہیں۔اسرائیلی حکام کے مطابق یہ بنکر اقامتی کوارٹروں اور کمانڈ کی تنصیبات پر مشتمل ہے اور ان تک مقبوضہ بیت المقدس میں واقع حکومت کے کمپلیکس اور تل ابیب کی جانب جانے والی مغربی پہاڑیوں سے رسائی ہوسکتی ہے۔

ایک اسرائیلی عہدہ دار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا ہے کہ ’’یہ بنکر کرونا وائرس کے انتظام ، کنٹرول اور نگرانی کا ایک اہم آلہ ہے۔ہم یہ سمجھتے ہیں کہ یہ بحران کچھ عرصہ کے لیے موجود رہے گا۔‘‘اسرائیلی وزیر دفاع نفتالی بینیٹ نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا ہے کہ ’’یہ بنکر اس بحران سے نمٹنے کے لیے بالکل متعلق ہے۔ہم کسی میزائل حملے کی زد میں نہیں کہ جس کے لیے ہمیں زیر زمین جانے کی ضرورت ہے۔‘‘اسرائیل کے وزیر توانائی نے قبل ازیں تل ابیب ریڈیو سے انٹرویو میں کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے بنکر کھولنے کا مذاق اڑایا ہے اور کہا ہے کہ ’’اس بنکر کی افادیت بہت محدود ہے کیونکہ یہ بموں سے تو تحفظ مہیا کرتا ہے مگر چھوٹے چھوٹے جرثوموں سے نہیں۔‘‘واضح رہے کہ اسرائیل میں اب تک کرونا وائرس کے 2666 کیسوں کی تصدیق کی گئی ہے اور آٹھ اموات ہوچکی ہیں۔اسرائیلی حکومت نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے لوگوں کی نقل وحرکت محدود کردی ہے۔اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے بدھ کو ایک بیان میں کہا تھا کہ آیندہ چند روز میں کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا حکم دیا جاسکتا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …