منگل , 23 اپریل 2024

کورونا سے متاثرہ پاکستانی خاتون ایران میں انتقال کرگئیں

ایران میں زیارت کے لیے جانی والی ایک پاکستانی خاتون کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئیں۔ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق مشہد سے زائرین کو واپس پاکستان لے کر جانے والی پاکستانی بس میں یہ خاتون سوار تھیں اور خاتون کی طبیعت خراب ہونے پر بس کو ایرانی علاقے میں روکا بھی گیا تھا۔خبر ایجنسی کے مطابق خاتون کی طبیعت مزید بگڑ گئی اور وہ کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئیں۔ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی بس اس واقعے کے بعد پاک ایران بارڈر کی طرف روانہ ہوگئی اور  خاتون کی میت پاک ایران بارڈر پر پاکستانی حکام کے حوالے کی جائےگی۔جاں بحق ہونے والی پاکستانی خاتون کے حوالے سے فی الحال مزید تفصیلات معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔خیال رہے کہ ایران کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد کے لحاظ سے دنیا بھر میں چھٹے نمبر پر ہے اور وہاں 29 ہزار سے زائد افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

ایران میں کورونا وائرس کے باعث 2  ہزار 389 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ عالمی ذرائع ابلاغ میں خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ تعداد اس سے کہیں زیادہ ہوسکتی ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثرہ کیسز کی تعداد 1400 سے تجاوز کرچکی ہے جن میں سے بڑی تعداد ان افراد کی ہے جو ایران سے زیارتوں کے بعد واپس آئے ہیں۔

 

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …