بدھ , 24 اپریل 2024

کورونا سے صحتیاب ہونیوالے مریض کے والد کا وزیراعلیٰ سندھ سے اظہار تشکر

کراچی: کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے ایک مریض کے والد نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے خط لکھ کر اظہار تشکر کیا۔ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب کی جانب سے ٹوئٹ میں صحتیاب ہونے والے مریض کے والد کا خط شیئر کیا گیا جس میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی خدمات کو خوب سراہا۔صحتیاب ہونے والے مریض کے والد نے اپنے خط میں لکھا کہ ‘میرا بیٹا ایران میں زیارت کے دوران کورونا وائرس سے متاثر ہوا تھا، اس خوفناک خبر کے بعد آپ کی حکومت کی جانب سے جو اقدامات کیے گئے وہ قابل ذکر ہیں‘۔

خط میں والد نے کہا کہ وہ وزیر اعلی سندھ کے بے حد شکرگزار ہیں کہ انہوں نے بیٹے کی بیماری کے تمام اخراجات اٹھائے۔علاوہ ازیں والد نے محکمہ صحت اور تمام میڈیکل اسٹاف کا بھی شکریہ ادا کیا۔اس حوالے سے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تمام پاکستانی اجتماعی کوششوں سے کورونا وائرس کا خاتمہ کرسکتے ہیں، خطرناک وباء سے حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کے ذریعے ہی نمٹا جاسکتا ہے اور پاکستانی قوم کا اس وباء پر قابو پانا مشکل نہیں ہے۔خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 12 ہوگئی جب کہ ملک میں مزید نئے کیسز کے بعد مصدقہ کیسز کی تعداد 1500 سے تجاوز کر گئی ہے۔علاوہ ازیں صوبہ سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 469 ہوگئی ہے۔

 

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …