ہفتہ , 20 اپریل 2024

لندن میں بڑی تعداد میں اموات ہو سکتی ہیں، میئر کا انتباہ ہے

لندن (پی اے) میئر لندن صادق خان نے متنبہ کیا ہے کہ دارالحکومت لندن میں کورونا وائرس سے بڑی تعداد میں اموات ہو سکتی ہیں اور اس کیلئے لندن میں عارضی مردہ خانے قائم کرنے کی ضرورت پڑے گی۔ حکومت کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق لندن میں4000سے کم افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ اب تک کم ازکم 180 افراد کورونا وائرس کوویڈ 19 کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ میئر لندن نے کہا کہ ایک خصوصی گروپ مردہ خانے قائم کرنے کیلئے پلاننگ کر رہا ہے۔ ان کے یہ کمنٹس اس وقت سامنے آئے جب وزارت دفاع نے کوروناوائرس کے پھیلائو کے اثرات سے نمٹنے کیلئے این ایچ ایس کے مطالبے پر ایسٹ لندن میں ایکسل سینٹر کو نائٹنگل ہسپتال میں تبدیل کرنے کا کام شروع کیا۔ میئر لندن صادق خان نے کہا کہ میں لوگوں کو متنبہ کر رہا ہوں کہ آئندہ چند ہفتوں میں صورت حال بدتر ہو جائے گی۔ ہم اس صورت حال سے نمٹنے کیلئے جو کچھ بھی کر سکتے ہیں وہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جن لوگوں کی بات کر رہے ہیں ان کی تعداد بڑی ہے اور ہمیں اس کیلئے تیار رہنے کی ضرورت ہے۔

آپ پہلےہی لندن میں مرنےوالوں کی تعداد کو دیکھ چکے ہیں۔ ہم باقی ملک سے دو یا تین ہفتے آگے ہیں اور ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ اس صورت حال میں خرابی کا عروج جلد آرہا ہے جو کہ تین سے پانچ ہفتوں کی دوری پر ہے۔ ویسٹ منسٹر بارو میں ایک عارضی مردہ خانہ پہلے ہی قائم کردیا گیا ہے۔ مسٹر خان نے کہا کہ دارالحکومت کے دیگر حصوں میں بھی مزید کچھ کرنا پڑے گا۔ جو کوئی بھی خبریں دیکھ رہا ہے اور یہ دیکھ رہا ہے کہ دنیا بھر میں کیا ہو رہا ہے وہ یہ جانتا ہے کہ ہم کتنی اموات کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔ مسٹر خان نے کورونا وائرس کو ایک غیر مرئی قاتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اہم تھا کہ لندن والوں نے اس انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی۔ دریں اثنا نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) کے چیف ایگزیکٹو سر سائمن اسٹیونز نے کہا کہ این ایچ ایس عملہ آئندہ ہفتے سے کورونا وائرس کی جانچ شروع کر دے گا جس میں اہم نگہداشت نرسز، انتہائی نگہداشت سٹاف، ایمبولینس ورکرز اور جی پیز شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات تک لندن کے ہسپتالوں میں 3000 سے کم خالی بستر دستیاب تھے ، تاہم اگلے ہفتے ایکسل کے نئے این ایچ ایس نائٹنگل ہسپتال میں اضافی بستر دستیاب ہو جائیں گے۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …