جمعرات , 25 اپریل 2024

دعا منگی نے عدالت میں ملزمان کو شناخت کر لیا

کراچی: شہر قائد کے علاقے ڈیفنس سے اغوا ہونے والی لڑکی دعا منگی نے عدالت میں 2 ملزمان کو شناخت کر لیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس سے اغوا ہونے والی لڑکی دعا منگی کیس میں گرفتار 2 ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔دعا منگی کو بھی سخت سیکورٹی میں عدالت میں پیش کیا گیا۔دعا منگی نے عدالت میں موجود ملزمان زوہیب قریشی اور مظفر کو شناخت کرلیا۔لڑکی نے عدالت کو بتایا کہ ان دونوں ملزمان نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مجھے اغوا کیا تھا۔

پولیس نے عدالت سے استدعا کی مزید تفتیش کے لیے دونوں ملزمان کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے،عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔یاد رہے کہ دعا منگی کو گزشتہ سال 30 نومبر کو کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان بخاری سے ملزمان نے اغوا کیا تھا، جبکہ اس کے ساتھ موجود دوست حارث کو گولی مار کر زخمی کر دیا تھا۔بعدازاں دسمبر میں دعا منگی گھر واپس آئی تھیں اور ان کے حوالے سے اطلاعات تھیں کہ انہیں تاوان ادا کرنے کے بعد رہا کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ کراچی سے اغوا ہونے والی دعا منگی کیس کے دو مطلوب ملزمان کو پشاور سے گرفتار کیا گیا تھا، ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا تھا۔

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …