ہفتہ , 20 اپریل 2024

کورونا وائرس کا خدشہ، نواز شریف کو سیلف آئسولیشن میں رہنے کی ہدایت

لاہور: ڈاکٹرز نے مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد میاں نوازشریف کو کورونا وائرس کے خدشے کے باعث سیلف آئسولیشن میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔احتساب عدالت میں جمع کرائی گئی میاں نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ کے مطابق ن لیگ کے تاحیات قائد عمر کے ایسے حصے میں ہیں جب کورونا کا حملہ ہونے کا خطرہ ہے۔رپورٹ کے مطابق نواز شریف کے دل کے معائنے کے لیے یونیورسٹی اسپتال جنیواء سے وقت لیا گیا تھا لیکن کورونا وبا کے خدشے کے باعث چیک اپ کے لیے نہیں لے جایا جاسکتا۔عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق نواز شریف کے دل کو خون سپلائی کرنے والی شریانیں تنگ ہوچکی ہیں جس کے لیے کیتھرائزیشن کی ضرورت ہے۔رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم کے دل کی ادویات کی مقدار بڑھا دی گئی ہے، کورونا کے خدشے کے پیش نظر نواز شریف کے لیے سب سے اہم چیز سیلف آئسولیشن ہے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد اور سابق صدر نوازشریف علاج کی غرض سے بیرون ملک مقیم ہیں۔ عدالت نے علاج کی غرض سے نوازشریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔پنجاب حکومت نے نواز شریف کی صحت سے متعلق ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔ کمیٹی کا مقصد سابق وزیراعظم کی رپورٹس کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کیلئے سفارشات تیار کرنا ہے جس کی بنیاد پر ان کی ضمانت میں توسیع کا فیصلہ ہوگا۔

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …