جمعرات , 25 اپریل 2024

سیالکوٹ: بیرونِ ملک سے آئے افراد کو اہلِخانہ سمیت گھروں میں قرنطینہ کردیا گیا

سیالکوٹ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک سے آئے ہوئے افراد کو خاندانوں سمیت 28 دنوں کے لیے گھروں میں قرنطینہ کردیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد رفیق احسن کے مطابق ان افراد کا تعلق ضلع بھر کے مختلف علاقوں سے ہے، اور اب تک انتظامیہ نے ڈھائی ہزار سے زائد گھروں کو قرنطینہ کردیا ہے۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ پورے ضلع سے مزید تفصیلات اکٹھی کی جارہی ہیں، ڈیٹا اکٹھا ہونے کے بعد مزید افراد کو خاندانوں سمیت ان کے گھروں میں ہی قرنطینہ کیا جائے گا۔قرنطینہ کیے گئے افراد کے گھروں کے باہر ضلعی انتطامیہ کی جانب سے نوٹس بھی چسپاں کیے گئے ہیں جس میں ان کے آس پڑوس میں رہنے والوں اور عزیز و اقارب کو ان سے ملاقات کرنے سے منع کیا گیا ہے۔

نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ قرنطینہ کیے گئے افراد اگر قانون کی خلاف ورزی کریں گے تو ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے اور زیادہ تر کیسز بیرونِ ملک سے آئے ہوئے افراد میں پائے گئے۔پاکستان میں اب تک مجموعی طور پر ایک ہزار 870 افراد کووِڈ-19 مرض میں مبتلا ہوچکے ہیں جبکہ 24 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد پنجاب میں سامنے آئی ہے جو 658 ہے۔اس کے بعد صوبہ سندھ میں مریضوں کی تعداد 627، خیبر پختونخوا میں 221، بلوچستان میں 152، گلگت بلتستان میں 148، اسلام آباد میں 58 اور آزاد کشمیر میں متاثرہ افراد کی تعداد 6 ہے۔

اس سلسلے میں وفاقی اور تمام صوبائی حکومتوں کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں متاثرہ مریضوں کے لیے قرنطینہ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ساتھ ہی ملک بھر میں سیاسی سماجی و مذہبی اجتماعات اور تقاریب پر پابندی عائد ہے اور اکثر علاقوں میں لاک ڈاؤن نافذ ہے جس کے تحت خوراک اور ادویات کے علاوہ دیگر صنعتی و کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں۔ْ ۔

 

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …