منگل , 11 مئی 2021

کورونا وائرس، خواتین طبی سہولیات کے بغیر بچے پیدا کرنے پر مجبور

کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں جہاں طبی آلات کی قلت پیدا ہوگئی ہے، وہیں طبی عملہ بھی کم پڑ گیا ہے جب کہ ہسپتالوں سمیت کئی دیگر جگہوں کو عارضی آئسولیشن سینٹرز اور قرنطینہ میں تبدیل کردیا گیا ہے لیکن اس باوجود کئی ممالک میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے۔عام ہسپتالوں میں قرنطینہ سینٹرز بنانے اور وہاں پر دیگر مریضوں کے علاوہ زیادہ تر کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے سمیت دنیا بھر میں دیگر بیماریوں میں مبتلا مریض پریشانیوں کا شکار ہیں، یہاں تک کہ امریکا اور برطانیہ جیسے ممالک میں حاملہ خواتین بھی سخت مشکلات کا شکار ہیں۔برطانیہ اور امریکا کے ہسپتالوں کے گائنی وارڈز اور لیبر رومز کو کورونا وائرس قرنطینہ میں تبدیل کرنے اور طبی عملے کی جانب سے وبا کے مریضوں کی دیکھ بھال کرنے سے وہاں پر حاملہ خواتین سخت مشکلات کا شکار ہیں اور متعدد ہسپتالوں نے ڈیلیوری کرنے والی خواتین کو ہسپتال میں داخل کرنے سے ہی انکار کردیا۔برطانیہ اور امریکا کے متعدد ہسپتال جہاں حاملہ خواتین کو گھر میں بچے پیدا کرنے کے مشورے دے کر انہیں ہسپتالوں میں داخل کرنے سے انکار کر رہے ہیں، وہیں متعدد خواتین کو صرف ایک ہی شخص کے ساتھ بچے پیدا کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ ایسی خواتین آپریشن کے بغیر ہی بچے پیدا کریں۔

برطانیہ کی طرح امریکا کے بھی متعدد ہسپتالوں سے ایسی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ وہاں بھی بچوں کی پیدائش کرنے والی خواتین کو داخل نہیں کیا جا رہا اور انہیں گھر جاکر محفوظ ڈیلیوری کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔اے بی سی 7 نیوز نے بتایا کہ امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر سان فرانسسکو کے ہسپتالوں میں بچوں کی پیداش کرنے والی خواتین کو زیادہ تر سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں اور انہیں اس عمل میں ساتھ دینے کے لیے صرف ایک ہی شخص فراہم کیا جا رہا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگرچہ اس عمل سے دوسری یا تیسری مرتبہ مائیں بننے والی خواتین زیادہ پریشان نہیں دکھائی دے رہیں، تاہم جن کے ہاں پہلی بار بچے کی پیدائش ہو رہی ہے وہ ذہنی اذیت اور مسائل کا سامنا کر رہی ہیں۔

سی بی ایس نیوز نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا کہ کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کی وجہ سے ہسپتالوں نے ایک ہفتہ قبل ہی اعلان کردیا تھا کہ وہ حاملہ خواتین کو ڈیلیوری کے لیے داخل نہیں کرسکتے۔رپورٹ کے مطابق ہسپتال انتطامیہ نے خواتین کو گھروں میں ہی بچوں کی پیدائش کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے انہیں پابند کیا کہ وہ کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے حالیہ دنوں میں ہسپتال نہ آئے کیوں کہ ایسا ان کی اور آنے والے بچے کی صحت کے لیے فائدہ مند ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ریاست نیویارک، میساچوٹس اور نیوجرسی سمیت دیگر ریاستوں کے ہسپتالوں اور بڑے شہروں کے معروف ہسپتالوں نے بھی حاملہ خواتین کو سیزر کے بغیر گھر پر ہی بچے پیدا کرنے کی تجویز دی تھی۔

ہسپتالوں کی جانب سے بچوں کی پیدائش کرنے والی خواتین کو طبی سہولیات فراہم نہ کرنے اور انہیں گھروں میں ہی بچوں کی پیدائش کرنے پر مجبور کرنے کے بعد امریکا و برطانیہ میں نوزائدہ ماؤں اور بچوں کی صحت سے متعلق خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔حاملہ خواتین کو ہسپتالوں میں داخل نہ کرنے کے اعلان کے بعد 2 دن قبل ہی امریکی ریاست نیویارک کے گورنر نے ہسپتالوں کو اپنا اعلان واپس لینے اور خواتین کو طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات بھی کیں۔نیویارک کے گورنر نے ہسپتالوں کی تاقید کی کہ بچوں کی پیدائش کرنے والی تمام خواتین کو یکساں اور مناسب طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور کسی کی بھی زندگی کو خطرے میں نہیں ڈالا جائے۔

یہ بھی دیکھیں

ایران و چین معاہدے پر امریکہ چراغ پا

امریکی صدر نے ایران اور چین کے 25 سالہ معاہدے پر سخت تشویش کا اظہار …