ہفتہ , 20 اپریل 2024

چین نے دنیا میں کورونا پھیلایا، عالمی برادری اس کا بائیکاٹ کرے، ہندو یوگا گرو

بھارت کے متنازع مگر بااثر ترین یوگا گرو رہنما سوامی رام دیو نے دعویٰ کیا ہے کہ چین نے ہی دنیا بھر میں مہلک وبا کورونا وائرس کو پھیلایا۔بھارتی تنگ نظر یوگا گرو رہنما نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ چین کا بائیکاٹ کرے۔خیال رہے کہ کورونا وائرس کا آغاز چین کے صوبے ہوبے کے شہر ووہان سے ہوا تھا، جہاں دسمبر 2019 کے وسط میں پہلے کیس کی تصدیق کی گئی تھی۔ابتدائی طور پر کورونا وائرس صرف چینی شہر ووہان ہی تک محدود تھا تاہم بعد ازاں مذکورہ وائرس چین کے دیگر شہروں اور صوبوں میں بھی پھیلا اور جنوری 2020 کے وسط تک یہ وائرس چین سے نکل کر جنوبی کوریا اور ایران جیسے ممالک سمیت یورپی ممالک تک بھی پہنچا۔

کورونا وائرس کے مرکز چین کو ہی تسلیم کیا جاتا ہے تاہم اب وہاں پر اس وائرس کے اثرات کم ہوتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں اور اس وقت یورپ و امریکا میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز سامنے آ رہے ہیں۔فروری 2020 کے وسط میں کورونا وائرس یورپ میں تیزی سے پھیلا اور اب تک وہاں کے متعدد ممالک میں تیزی سے پھیل رہا ہے، ساتھ ہی مارچ کے آغاز تک مذکورہ وائرس امریکا میں بھی تیزی سے پھیلنے لگا اور اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ کیسز امریکا میں ہیں۔دسمبر 2019 میں چین سے شروع ہونے والے کورونا وائرس کے دنیا بھر میں مریضوں کی تعدد 12 لاکھ سے زائد ہو چکی ہے جب کہ 5 اپریل کی صبح تک اس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد بھی 65 ہزار کے قریب جا پہنچی تھی۔

کورونا وائرس کے مریضوں کے حوالے سے امریکا 3 لاکھ 12 ہزار سے زائد مریضوں کے ساتھ پہلے نمبر پر تھا تاہم ہلاکتوں کے حوالے سے یورپی ملک اٹلی سرفہرست تھا، جہاں پر ہلاکتوں کی تعداد 15 ہزار سے تجاوز ہوچکی تھی۔کورونا وائرس جہاں یورپ و امریکا میں تیزی سے پھیل رہا ہے، وہیں جنوبی ایشیائی خطے خاص طور پر پاکستان اور بھارت میں بھی پھیل رہا ہے اور ہندوستان میں وبا کے پھیلنے کے بعد ہی یوگا گرو سوامی رام دیو نے کہا کہ کورونا کو چین ہی دنیا بھر میں پھیلا رہا ہے۔بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق یوگا گرو نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں الزام عائد کیا کہ چین نے ہی دنیا بھر میں کورونا وائرس کو پھیلایا۔متنازع گرو نے اپنے بیانات میں عالمی برادری سے اپیل کی کہ اسے چین کا سفارتی بائیکاٹ کرنا چاہیے اور ساتھ ہی یوگا گرو نے بھارتی حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ بھی عالمی برادری کے نقش قدم پر چلے۔

رپورٹ کے مطابق بابا رام دیو نے کہا کہ چین نے غیر اخلاقی اور غیر انسانی حرکت کرکے پوری دنیا کو خطرے میں ڈال دیا ہے، اس لیے عالمی برادری کو اس کا بائیکاٹ کرنا چاہیے۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ دنیا کے تمام ممالک اب چین سے سیاسی و کاروباری تعلقات منقطع کرکے اسے سزا دیں اور ساتھ ہی انہوں نے اپنی حکومت سے بھی ایسا کرنے کا کہا۔واضح رہے کہ سوامی رام دیو کو یوگا کے چند معروف گرووں میں شمار کیا جاتا ہے، انہوں نے نہ صرف یوگا بلکہ جڑی بوٹیوں سے تیار شدہ ادویات سے کئی بیماریوں کے علاج کا کاروبار بھی شروع کر رکھا ہے اور ان کی کمپنی کئی طرح کی دیسی ادویات بھی بناتی ہے۔رام دیو آن لائن یوگا کلاسز سمیت یوگا کے ذریعے ذہنی صحت کا کامیاب علاج کرنے کا دعویٰ بھی کرتے ہیں اور ان کی کمائی کروڑوں روپے میں ہوتی ہے جب کہ ماضی میں ان پر ٹیکس چوری کے الزامات بھی لگ چکے ہیں۔جہاں رام دیو کو یوگا گرو کی حیثیت حاصل ہے، وہیں انہیں متنازع شخصیت بھی مانا جاتا ہے، وہ بھارت کی سب سے بڑی اقلیت مسلمانوں کے خلاف متنازع بیانات دینے سمیت جنسی تفریق پر بھی بیانات دیتے رہتے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …