منگل , 23 اپریل 2024

ایران، بتیس ہزار کورونا متاثرین شفایاب ہو چکے ہیں

اسلامی جمہوریہ ایران میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے بتیس ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہو کر اسپتالوں سے اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں ۔اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت صحت کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر کیانوش جہانپور نے جمعرات کو اپنی پریس بریفنگ میں بتایا کہ ایران میں کورونا کے خلاف قومی مہم میں مزید کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں ۔انھوں نے بتایا کہ ملک کی مسلح افواج کے تعاون سے کورونا کا پھیلاؤ روکنے اور مریضوں کے علاج میں نمایاں پیشرفت آئی ہے ۔

وزارت صحت کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر کیانوش جہانپور نے بتایا کہ کورونا میں مبتلا نئے افراد اور ان سے رابطے میں رہنے والوں کا پتہ لگانے، بیماروں کا علاج کرنے اور ان سے رابطے میں رہنے والوں کو قرنطینہ میں رکھنے کے علاوہ سڑکوں اور پبلک مقامات پر جراثیم کش دواؤں کے چھڑکاؤ کی مہم جنگی پیمانے پر جاری ہے۔کیانوش جہانپور کے مطابق ملک میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد چھیاسٹھ ہزار دوسو بیس ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ایک سو سترہ افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد کورونا سے مرنے والوں کی تعداد چار ہزار ایک سو دس ہوگئی ہے۔ڈاکٹر کیانوش جہانپور نے کہا کہ کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کا تناسب مسلسل بڑھ رہا ہے اور چوبیس گھنٹے میں مزید دو ہزار چار سو ستانوے افراد مکمل طور پر صحتیاب ہوئے جس کے بعد ایران میں کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بتیس ہزار تین سو نو ہو گئی ہے۔

 

یہ بھی دیکھیں

طوفان الاقصٰی کے بعد، غاصب اسرائیل سے نفرت میں کئی گنا اضافہ ہوا،سپاہ پاسدارانِ انقلاب اسلامی میں نمائندہ ولی فقیہ

تہران:حجت الاسلام والمسلمین حاجی صادقی نے بین الاقوامی سطح پر غاصب اسرائیل اور امریکہ سے …