جمعرات , 18 اپریل 2024

امریکا نے کورونا کے مریضوں اور ہلاکتوں کی تعداد میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا

امریکا میں کورونا وائرس کی ہلاکت خیزیاں جاری ہیں اور متاثرہ افراد کی تعداد 5 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 19 ہزار 833 ہوچکی ہے جو کہ اٹلی اور اسپین سے بھی زیادہ ہے۔امریکا میں کورونا وائرس کے باعث مزید ایک ہزار 86 لوگ ہلاک ہوگئے جب کہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار35 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ساڑھے 5 ہزار نئے کیس سامنے آنے کے بعد امریکا میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 لاکھ 8 ہزار 575 ہوچکی ہے جوکہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے۔ہلاکتوں کی تعداد میں بھی امریکا کورونا سے شدید متاثرہ یورپی ممالک اٹلی اوراسپین سے آگے نکل گیا ہے اور وہاں ہلاکتوں کی تعداد 19 ہزار 833 ہوچکی ہے جب کہ اٹلی میں 19 ہزار 468 اور اسپین میں 16 ہزار 353 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

امریکی ریاست نیویارک کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 8 ہزار 627 ہوچکی ہے جو دنیا کے بیشتر ممالک سے بھی زیادہ ہے۔تقریباً 2 کروڑ کی آبادی والی ریاست میں کوروناسے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ 70 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ امریکا میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔

کورونا کیسز بڑھنے کے باوجود ٹرمپ کا معیشت بحال کرنے کا اشارہ
اس کے باوجود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ معیشت بحال کرنے کے حوالے سے جلد فیصلہ کرنے جا رہے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ لاک ڈاؤن جلد ختم ہو۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے اپنے دور صدارت میں کبھی اتنا سخت فیصلہ نہیں کیا، امید ہے یہ فیصلہ امریکا اور عوام کے لیے درست ثابت ہوگا۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر ہم یہ ہلاکتیں ایک لاکھ تک روکنے میں کامیاب رہے تو یہ ہماری بڑی کامیابی ہوگی۔خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 17 لاکھ 36 ہزارسے تجاوز کرچکی ہے جن میں سے ایک لاکھ 6 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

 

یہ بھی دیکھیں

غزہ جنگ کے دوران اسرائیل کی حمایت کے لئے 10 ہزار امریکی موجود تھے، واشنگٹن پوسٹ کا تہلکہ خیز انکشاف

واشنگٹن:امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ غزہ پر …