بدھ , 24 اپریل 2024

وزیراعظم عمران خان نے لاک ڈاؤن میں مزید 2 ہفتے توسیع کا اعلان کردیا

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے بعد ملک بھر میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن میں مزید 2 ہفتے کی توسیع کا اعلان کردیا۔وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگلے دو ہفتے بھی لاک ڈاؤن برقرار رہے گا۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے باعث چھوٹے دکاندار ایک دم بے روزگار ہوگئے ، کورونا جتنا پھیلنا چاہیے تھا اس کا 30 فیصد پھیلا ہے ، دیگر ملکوں کی مناسبت سے ہمارے ہاں کم افراد متاثر ہوئے ، اٹلی اور اسپین دیکھ لیں ، ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ کہ کورونا کسی وقت بھی پھیل سکتا ہے، احتیاط کرنا نہیں چھوڑنا چاہیے، نوجوانوں کو کورونا اتنا متاثر نہیں کرتا لیکن وہی نوجوان اپنے گھر میں بزرگوں کی زندگی مشکل میں ڈال سکتے ہیں، کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے اقدامات کررہے ہیں ، ابتک ہم ٹھیک چل رہےہیں۔عمران خان نے کہا کہ خدانخواستہ بے قاعدگی ہوئی تو ہم اس کا مقابلہ نہیں کرسکیں گے ، اس لیے ہم لاک ڈاؤن کو آگے لے کر جارہےہیں ، اسکول کالجز ، عوامی مقامات پر اگلے دو ہفتے لاک ڈاؤن برقرار رہے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ احساس پروگرام میں 28 لاکھ خاندانوں کو پیسہ مل چکا ہے ،45 ارب روپے تقسیم کرچکے، انتظامات کیے گئے ہیں کہ گندم کی کٹائی میں رکاوٹ نہ ہو، تعمیراتی صنعت میں رسک فیکٹر بہت کم ہے، تعمیراتی انڈسٹری کیلئے کل ایک آرڈیننس لارہےہیں، تعمیراتی صنعت کو بہت بڑا ریلیف پیکیج دیں گے اور تعمیراتی صنعت آج سے کھول رہےہیں۔قبل ازیں وفاقی کابینہ نے بھی لاک ڈاؤن میں 30 اپریل تک توسیع کی منظوری دے دی تھی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی معاشی صورتحال پر غور کیا گیا اور کئی اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں کورونا وائرس کے باعث ملکی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور کابینہ نے لاک ڈاؤن میں 30 اپریل تک توسیع کی منظوری دی۔لاک ڈاؤن میں 30 اپریل تک توسیع کی حتمی منظوری اب قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) نے بھی دے دی ہے۔خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاک ڈاؤن جاری ہے جو 14 اپریل کو ختم ہونا تھا۔

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …