ہفتہ , 20 اپریل 2024

کورونا لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر عوام کو ڈانٹنے والے ڈرون

روم: اٹلی کے ایک صوبے کے میئر نے ڈرون کے ذریعے ان لوگوں کو خبردار کرنا شروع کردیا ہے جو لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے باہر آوارہ گردی کررہے ہیں۔اس سے قبل ڈرون سامان پہنچانے، خون کی ترسیل، آگ بجھانے، رنگ وروغن کرنے کا کام انجام دیتے رہے ہیں اور اب اٹلی میں کورونا وائرس کی ہولناک وبا سے ہونے والی تباہی کےبعد ڈرون سے لوگوں کو گھروں میں رہنے کے احکامات دیئے جارہے ہیں۔اسی طرح کی ایک ویڈیو میں ڈرون دو نوجوانوں کے پیچھے اڑ رہا ہے اور انہیں بہت سخت الفاظ میں گھر میں رہنے کی تلقین کررہا ہے۔

اسی طرح چین میں ڈرون اسپرے کے ذریعے بہت سے علاقوں اور جگہوں کو وائرس سے پاک کیا گیا ہے اور کووڈ 19 کے تناظر میں کئی ممالک میں ڈرون سے مختلف کام انجام دیئے گئے ہیں۔اٹلی میں کورونا وائرس نے بہت بڑی آبادی کو متاثر کیا ہے جہاں اس وقت ڈیڑھ لاکھ مریض موجود ہیں اور 18 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ اٹلی کے علاقے میسنا کے میئر ’کیٹینو ڈی لیوکا‘ کو ڈرون کے اسپیکر سے چیختے اور چلاتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔ یہ ڈرون بسا اوقات میسنا کے لوگوں کا تعاقب کرتا ہے اور بار بار انہیں گھر میں رہنے کی تلقین کرتا ہے۔

میئر کے علاوہ بھی دور بیٹھے افراد اور آپریٹر صورتحال کے تحت لوگوں کو باقاعدہ ڈانٹ رہے ہیں تاکہ وہ گھروں تک محدود رہ سکیں۔ پوری دنیا میں کرفیو اور لاک ڈاؤن ہی کورونا وائرس سے پھیلنے والی بیماری سے بچنے کا سب سے مؤثر طریقہ رہ گیا ہے۔دوسری جانب ڈرون کے ذریعے اسپین میں بھی لوگوں کو خبردار کرنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

 

یہ بھی دیکھیں

10 جملوں میں لکھے حروف کو کم وقت میں گننے کا ریکارڈ

اربد: ایک اردنی شخص نے اپنی ریاضی کی بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے …